کولگام میں سی آر پی ایف پارٹی پر حملہ، 46ویں بٹالین کے تین اہلکار زخمی، ایک کی حالت تشویشناک

سرینگر/جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے نوپورہ اکھرن علاقے میں بدھ کی دوپہر ملی ٹینٹ حملے میں سی آر پی ایف کی 46ویں بٹالین کے تین اہلکار زخمی ہوگئے، جنہیں علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج منتقل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق زخمی اہلکاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل سوم ویر سنگھ، کانسٹیبل سنتوش چندرو اور کانسٹیبل راکیش داس کے طور پر ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق راکیش داس کی ٹانگ میں گولی لگی ہے اور ان کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے، جبکہ سوم ویر سنگھ کے بائیں بازو میں گولی لگی ہے اور ان کی حالت بھی مستحکم ہے۔ تیسرے اہلکار سنتوش چندرو کے پیٹ اور ریڑھ کی ہڈی میں گولی لگنے کے باعث انہیں آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ نوپورہ اکھرن علاقے میں سی آر پی ایف پارٹی کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں تینوں اہلکار زخمی ہوگئے۔
واقعے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں