کوہاٹ حملہ، 10 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر وزیراعظم کا اظہار افسوس

پولیس اہلکار پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں

November 12, 2026 · اہم خبریں, قومی

کوہاٹ حملہ، 10 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر وزیراعظم کا اظہار افسوس

کوہاٹ حملہ، 10 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر وزیراعظم کا اظہار افسوس

وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ کے علاقے دارہ بکاخ میں دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں خیبرپختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم نے ڈی ایس پی حیدر زمان سمیت تمام شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جانیں قربان کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں نے فرض شناسی، بہادری اور حب الوطنی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکار پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اور قوم ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

وزیراعظم نے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں 18 خوارج کی ہلاکت کو پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت، جرأت اور دہشت گردی کے خلاف مضبوط عزم کا ثبوت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا گٹھ جوڑ ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم ایسے عناصر کو اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جس بہادری اور ثابت قدمی سے فرائض انجام دے رہے ہیں، وہ قابل تحسین ہے۔ پوری قوم اس مشکل جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کے امن اور استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں