اٹلی اور برطانیہ میں ہزاروں اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں، افرا تفری

سائبر حملہ یا افواہ، ہزاروں اسکول خالی کرائے گئے، پولیس اور سیکیورٹی ادارے الرٹ ہیں۔

November 12, 2026 · اہم خبریں

یورپی ممالک میں اسکولوں کو بم کی دھمکیوں کے بعد پولیس اور سیکیورٹی ادارے متحرک ہو گئے۔

یورپی ممالک میں اسکولوں کو بم کی دھمکیوں کے بعد پولیس اور سیکیورٹی ادارے متحرک ہو گئے۔

یورپ کے تین اہم ممالک میں ہزاروں اسکولوں کو بم دھماکوں کی دھمکی آمیز ای میلز موصول ہونے کے بعد شدید افرا تفری پھیل گئی اور متعدد تعلیمی ادارے فوری طور پر خالی کرا لیے گئے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اٹلی کے 6 ہزار 300 اسکولوں، اسکاٹ لینڈ کے 470 اور شمالی آئرلینڈ کے 300 سے زائد تعلیمی اداروں کو یہ دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلی میں احتیاطی تدابیر کے تحت متعدد اسکول خالی کرائے گئے جہاں والدین پریشان ہو کر بچوں کو لینے کے لیے اسکولوں میں پہنچ گئے۔ اطالوی وزیرِ تعلیم جوسیپے ولڈیتارا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ واقعات ممکنہ طور پر ایک سائبر حملہ ہیں اور اس میں کوئی حقیقی خطرہ موجود نہیں۔

اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی کا کہنا ہے کہ اب تک کی جانچ میں کسی حقیقی خطرے کے کوئی ٹھوس شواہد نہیں ملے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا کہ ان دھمکیوں کا مقصد محض خوف و ہراس اور تشویش پھیلانا معلوم ہوتا ہے۔

دستاویزات اور پولیس رپورٹس کے مطابق اٹلی کے مجموعی طور پر 7 ہزار 476 سرکاری اسکولوں میں سے 6 ہزار 300 اسکولوں کو ایک ہی ای میل موصول ہوئی جس میں بھیجنے والے نے خود کو میخائل آندروپوف ظاہر کیا۔ اسکاٹ لینڈ کے اسکولوں کو بھی اسی نام سے ملتا جلتا پیغام موصول ہوا۔ اسکاٹ لینڈ پولیس نے ان پیغامات کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

شمالی آئرلینڈ میں محکمہ تعلیم کے حکام نے اسکولوں کو ہدایت دی ہے کہ جب تک پولیس کی جانب سے کوئی اور ہدایت موصول نہ ہو، تعلیمی ادارے کھلے رکھے جائیں۔ حکام اور سائبر جرائم کے ماہرین مشترکہ طور پر ای میلز بھیجنے والوں کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں جبکہ یہ تاحال واضح نہیں ہوسکا کہ ان تمام واقعات کا آپس میں کوئی تعلق ہے یا نہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں