اڈانی گروپ کی کمپنی ’اڈانی گرین انرجی لمیٹڈ‘ کے مہاراشٹر میں چل رہے ایک ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر کانگریس نے سوال اٹھا دیا ہے۔ انگریزی روزنامہ ’دی انڈین ایکسپریس‘ کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس نے کہا ہے کہ ’’مودی-اڈانی کی جوڑی نے ملک کا بہت نقصان کر دیا۔‘‘ دراصل اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اڈانی گرین انرجی لمیٹڈ نے مہاراشٹر کے ضلع ستارا میں مجوزہ 1500 میگاواٹ کے تارلی پمپڈ اسٹوریج پاور پروجیکٹ کی لاگت 5675 کروڑ روپے سے گھٹا کر محض 56.75 کروڑ روپے ظاہر کی ہے۔ اس قدم سے جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے جمع کرائی جانے والی رقم بھی 227 کروڑ روپے سے گھٹ کر تقریباً 2.27 کروڑ روپے رہ گئی ہے۔
اس نئے انکشاف سے متعلق ’انڈین ایکسپریس ہندی‘ کی ایک مختصر ویڈیو کو اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’مودی کے دوست اڈانی کا مزید ایک فراڈ سامنے آیا ہے۔ اڈانی گرین انرجی کو مہاراشٹر کے ستارا میں ایک ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کا کام ملا ہے۔ یہ پروجیکٹ ’سہیادری ریزرو‘ کے علاقہ میں پڑتا ہے۔ محکمہ جنگلات کے اصول کے مطابق ایسے علاقہ میں پروجیکٹ لگانے والی کمپنی کو پروجیکٹ کے خرچ کا 4 فیصد جنگلاتی حیات کے تحفظ کے لیے جمع کرنا پڑتا ہے۔‘‘ آگے یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’اڈانی نے پہلے اپنے اس ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کا خرچ 5675 کروڑ روپے بتایا تھا۔ اس طرح اڈانی کو 4 فیصد رقم سہیادری ٹائیگر ریزرو کے اکاؤنٹ میں جمع کرانی تھی، جو کہ 227 کروڑ روپے ہوتی ہے۔‘‘
بنیادی حقائق کو سامنے رکھنے کے بعد کانگریس نے مبینہ دھوکہ کا ذکر اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کیا ہے۔ پارٹی لکھتی ہے کہ ’’اڈانی نے یہیں پر جھول (دھوکہ) کر دیا۔ پروجیکٹ کے خرچ میں ایک پوائنٹ (.) لگا کر کروڑوں روپے کا گھوٹالہ کر دیا۔‘‘ اس پوسٹ میں مزید لکھا گیا ہے کہ ’’اڈانی کی کمپنی نے محکمہ جنگلات سے کہا کہ ہمارے پروجیکٹ کا خرچ 5675 کروڑ روپے نہیں ہے، صرف 56.75 کروڑ روپے ہے۔ ایسے میں 56.75 کروڑ روپے کا 4 فیصد 2.27 کروڑ روپے ہوا۔ کمال کی بات ہے کہ محکمہ جنگلات نے بھی یہ مان لیا اور فائلیوں میں ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کا خرچ صرف 56.75 کروڑ روپے کر دیا گیا۔‘‘
اس معاملہ میں حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کانگریس نے کہا ہے کہ ’’جی ہاں، دنیا میں واحد اڈانی ہوگا جو محض 56.75 کروڑ روپے میں ہائیڈرو پاور پروجیکٹ بنا رہا ہے۔ یعنی پروجیکٹ کے خرچ میں ہیرا پھیری کر کے، ایک پوائنٹ لگا کر اڈانی نے تقریباً 225 کروڑ روپے بچا لیے اور اس دھوکہ بازیمیں محکمہ جنگلات بھی اڈانی کا ساتھ دے رہا ہے۔‘‘ کانگریس نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے پی ایم مودی کو بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ ’’سب کچھ صاف ہے، مودی نے اپنے متر (دوست) اڈانی کو ملک کو لوٹنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور اڈانی اس چھوٹ کا پورا فائدہ اٹھا رہا ہے۔ مودی-اڈانی کی جوڑی نے ملک کا بہت نقصان کر دیا۔‘‘