بنوں میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، جوابی کارروائی میں 4 خوارج ہلاک

بروقت کارروائی، فتنۃ الخوارج کا حملہ پسپا، اسلحہ اور ایمونیشن برآمد۔

November 14, 2026 · اہم خبریں

بنوں میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، جوابی کارروائی میں 4 خوارج ہلاک

بنوں میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام، جوابی کارروائی میں 4 خوارج ہلاک

بنوں کے علاقے میں کنگر پل پولیس چوکی پر فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کی جانب سے کیا جانے والا حملہ سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران 4 خوارج ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ سکیورٹی اہلکاروں نے تمام علاقوں کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا ہے۔

حکام کے مطابق فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں نے گزشتہ نصف شب کنگر پل پولیس چوکی پر بزدلانہ حملہ کیا۔ اس دوران چوکی پر تعینات بیدار اور چوکس پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر دفاعی پوزیشن سنبھالتے ہوئے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی کوئیک رسپانس فورس (QRF) اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کے تازہ دم دستے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کا محاصرہ کر لیا۔

پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی کے بعد موقع سے 4 ہلاک شدہ خوارج کی لاشیں برآمد کی گئیں جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور ایمونیشن بھی ملا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا نے بنوں پولیس کی بروقت اور دلیرانہ کارروائی کی پرزور تحسین کی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ رات کی تاریکی میں دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے کو کامیابی سے پسپا کرنا ہمارے جوانوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت اور شجاعت کا روشن ثبوت ہے۔ صوبے کی سرزمین پر دہشتگردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے اور ان کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بنوں میں پولیس چوکی پر خوارجیوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس اور سی ٹی ڈی کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر پولیس اور سی ٹی ڈی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم اور جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں پر پوری قوم کو ناز ہے اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ان کے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں