سرینگر/وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ مسعود ایتو نے کہا ہے کہ خوراک کے تحفظ سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔وزیر موصوفہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ خوراک کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے جموں و کشمیر بھر میں گوشت فروخت کرنے والے 85 یونٹوں کا معائنہ کیا، جبکہ 16 معاملات میں نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
وزیر نے مزید کہا کہ 11 معاملات میں قانونی کارروائی شروع کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔سکینہ ایتو نے کہا کہ قوانین کے نفاذ کے عمل کو مزید سخت بنایا جائے گا، جوابدہی یقینی بنائی جائے گی اور خوراک کے تحفظ کے معیارات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کی پوری طاقت کے ساتھ کارروائی ہوگی۔انہوں نے واضح کیا کہ عوامی صحت کو خطرے میں ڈالنے والے کسی بھی عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments