فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ تربت، بلوچستان میں امن و ترقی کا عزم

سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ، شہدا کو خراج عقیدت، جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تحسین۔

November 19, 2026 · اہم خبریں

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ تربت، بلوچستان میں امن و ترقی کا عزم

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ تربت، بلوچستان میں امن و ترقی کا عزم

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے علاقے تربت کا دورہ کیا، جہاں انہیں سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق تربت پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر کور کمانڈر بلوچستان نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران آرمی چیف کو بلوچستان میں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جاری کامیاب کارروائیوں سے آگاہ کیا گیا۔ انہیں صوبے کے عوام کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے جاری مختلف منصوبوں پر پیش رفت سے بھی بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مشکل آپریشنل حالات کے باوجود جوانوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، تیاری اور ملک کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج بلوچستان کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور صوبے میں امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں