روسی فوجی انٹیلی جنس ادارے جی آر یو نے کیلینن گراڈ میں ایک سرحدی گزرگاہ اور ایک تنصیب پر حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔
روس نے اپنے ہی شہریوں کو فالس فلیگ آپریشن میں مارنے کی کوشش کی،پولش اخبار
برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق پولش اخبار ریزپوزپولیتا نے سیکیورٹی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ روسی فوجی انٹیلی جنس ادارے جی آر یو نے کیلینن گراڈ میں ایک سرحدی گزرگاہ اور ایک تنصیب پر حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس مبینہ منصوبے کے تحت روسی شہریوں کو ہلاک کرکے حملوں کو یوکرین کی کارروائی ظاہر کیا جانا تھا، تاکہ روسی عوام میں یوکرین کے خلاف غم و غصہ پیدا کیا جا سکے اور مغربی ممالک کی جانب سے یوکرین کی حمایت متاثر ہو۔
پولش سیکیورٹی ذرائع نے اس مبینہ منصوبے کا موازنہ 1939 میں نازی جرمنی کے گلائیوٹز واقعے سے کیا ہے، جب جرمنی نے جعلی حملے کو پولینڈ پر چڑھائی کا جواز بنایا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اتحادی ممالک کی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بھی اس ممکنہ منصوبے سے متعلق پیشگی اطلاعات فراہم کی تھیں۔
نومبر کے آغاز میں مشکوک نقل و حرکت کا پتا چلنے کے بعد پولینڈ نے کیلینن گراڈ کی سرحد پر انسدادِ دہشت گردی کے دستے اور خصوصی فوجی یونٹ جی آر او ایم تعینات کر دیے تھے۔
پولینڈ کے وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک نے بھی کہا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے ممکنہ اشتعال انگیز واقعے کو روکنے میں مدد ملی۔