بسول کے قریب حادثہ، گاڑیوں میں آگ لگ گئی، 27 زخمی اسپتال منتقل
گوادر میں مکران کوسٹل ہائی وے پر خوفناک تصادم، 10 افراد جاں بحق
گوادر میں مکران کوسٹل ہائی وے پر بسول کے مقام پر ایک مسافر کوچ اور گیس باؤزر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد جھلس کر جاں بحق اور 27 زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد دونوں گاڑیوں میں شدید آگ بھڑک اٹھی جس کی لپیٹ میں آ کر مسافروں کو شدید نقصان پہنچا۔
پولیس حکام اور ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نفری اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ڈی ایس پی نبیل بلوچ نے حادثے میں جانی نقصان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تمام 10 افراد کی اموات آگ میں جھلسنے کے باعث ہوئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے مسافر کوچ سے 8 اور گیس باؤزر سے 2 افراد کی لاشیں باہر نکالیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے 27 افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔