متعدد گواہ غیر حاضر، عدالت نے سماعت 3 دسمبر تک بڑھا دی، شیخ رشید کی میڈیا سے گفتگو۔
جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت مسلسل 15 ماہ سے غیر فعال وڈیو لنک کے باعث ملتوی
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ 9 مئی سے جڑے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت ایک بار پھر بغیر کسی نمایاں پیش رفت کے ملتوی کر دی گئی۔ یہ مقدمہ مسلسل 15 ماہ سے زیر التوا چلا آ رہا ہے، تاہم اس عرصے کے دوران بھی کیس کی سماعت کے لیے وڈیو لنک سسٹم کو تحال فعال نہیں بنایا جا سکا۔
عدالتی کارروائی کے دوران کیس کے مقررہ گواہ پیش نہیں ہوئے، جس کے باعث صرف نئی تاریخیں دینے پر اکتفا کیا گیا۔ بانی چیئرمین تحریک انصاف کی حاضری جیل روبکار کے ذریعے لگائی گئی جبکہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت کے روبرو پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق اس مقدمے میں کل 119 گواہ شامل ہیں جن میں سے اب تک صرف 44 گواہان کے بیانات قلمبند کیے جا سکے ہیں، جبکہ کسی بھی گواہ پر جرح کا عمل تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔ جج امجد علی شاہ نے فریقین کے دلائل اور حالات کے پیش نظر کیس کی مزید سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
عدالتی احاطے کے باہر میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا کہ ان کے بھتیجے شیخ راشد نے زندگی میں کبھی فیصل آباد دیکھا تک نہیں، اس کے باوجود اسے 60 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات یہ ہیں کہ اب آٹا بھی شناختی کارڈ کے بغیر حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریڑھی، چھابڑی اور خوانچہ فروشوں سمیت نچلے طبقے کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے کیونکہ پوری قوم یہی چاہتی ہے کہ غریب عوام کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔