سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، فتنہ الخوارج کے عناصر جہنم واصل، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد۔
خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 22 خوارج ہلاک
راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 16 اور 17 نومبر کو صوبے کے مختلف علاقوں میں عمل میں لائی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق جنوبی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔ اس کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے 15 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے۔
دستاویزات اور فوجی ذرائع کے مطابق ضلع بنوں میں دو الگ الگ جھڑپوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جہاں مزید 6 خارجی مارے گئے۔ اس کے علاوہ ضلع ٹانک میں ہونے والی ایک اور جھڑپ کے دوران ایک اور خارجی کو ہلاک کر دیا گیا۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے یہ دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں سرگرم عمل تھے اور ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کسی بھی ممکنہ باقی ماندہ خطرے کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
عسکری حکام کا عزم ہے کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کا مکمل خاتمہ ہونے تک سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پوری رفتار اور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔