پروگرام کے میزبان شاہزیب خانزادہ پر انٹرویو کی آڈیو میں ردوبدل اور "صحافتی بددیانتی” کے سنگین الزامات عائد
فائل فوٹو
کراچی: نجی ٹی وی کو بلاول کے انٹرویو پر تنقید کے بعد پیپلز پارٹی نے غیر ایڈٹ شدہ کلپ جاری کردیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ایک نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے حالیہ انٹرویو کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے، جہاں پروگرام کے میزبان شاہزیب خانزادہ پر انٹرویو کی آڈیو میں ردوبدل اور “صحافتی بددیانتی” کے سنگین الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پوسٹس اور پیپلز پارٹی کے حامی حلقوں کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا جا رہا ہے کہ انٹرویو کے اس حصے میں جہاں بلاول بھٹو زرداری نے مذکورہ ٹی وی چینل (جیو نیوز) اور خود میزبان شاہزیب خانزادہ کے کردار پر تنقیدی گفتگو کی، وہاں دانستہ طور پر چیئرمین پی پی پی کی آواز کو مدھم (آہستہ) کر دیا گیا۔
شاہزیب خانزادہ صاحب! اتنی ہشیاری اچھی نہیں
جہاں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جیو اور شاہزیب خانزادہ کے کردار پر بات کی، وہاں شاہزیب خانزادہ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی آواز کو آہستہ کرکے اپنی آواز کو بلند کردیا تاکہ اصل گفتگو عوام کے سامنے نہ آسکے، صحافتی بددیانتی پر مبنی… pic.twitter.com/8nogkYlxkD
— PPP (@MediaCellPPP) November 19, 2026
تنقید کرنے والوں کا کہنا ہے کہ میزبان نے اپنی آواز کو بلند رکھ کر بلاول بھٹو زرداری کی اصل بات کو دبانے کی کوشش کی تاکہ ناظرین تک ان کا اصل مؤقف اور تنقید واضح طور پر نہ پہنچ سکے۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انٹرویو کے آن ایئر ہونے والے حصے اور مبینہ طور پر غیر مدون (ان ایڈیٹڈ) کلپ کا موازنہ کرتے ہوئے اس اقدام کو صحافتی اصولوں کے منافی قرار دیا جا رہا ہے اور میزبان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب تاحال متعلقہ ٹی وی چینل یا شاہزیب خانزادہ کی جانب سے ان الزامات پر کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔
پیپلز پارٹی نے ایک اور بیان میں دعویٰ کیا کہ نجی ٹی وی چینل نے کاپی رائٹ کا دعویٰ کرکے ان کی اپ لوڈ شدہ ویڈیو بلاک کردی ہے۔
شاہزیب خانزادہ کی ٹیکنکل سنسرشپ کو سامنے لاتے ہوئے آئینہ دکھایا تو کاپی رائٹ کا دعوی کرکے جیو نیوز نے ویڈیو بلاک کردی!
ویڈیو میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے انٹرویو کے دوران شاہزیب خانزادہ کی صحافتی بددیانتی کو سامنے لاتے ہوئے یہ دکھایا گیا تھا کہ کیسے مہمان کی آواز کو دھیما… pic.twitter.com/uBjAGWMVQf
— PPP (@MediaCellPPP) November 19, 2026