ملکی استحکام اور اتحادی حکومت کی مضبوطی کے لیے ضروری ہے تمام فریقین کو اعتماد میں لیا جائے ، ملاقات میں گفتگو
فوٹو سوشل میڈیا
اسلام آباد: ملک میں نئے صوبوں کے قیام اور اس معاملے پر مجوزہ ریفرنڈم کے حوالے سے جاری شدید سیاسی بحث اور اتحادی جماعتوں کے درمیان پائے جانے والے تحفظات کو دور کرنے کے لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے اہم ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم اور صدر مملکت کے درمیان ملاقات میں کہا گیا کہ ماضی میں آئینی ترامیم تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے کی گئیں، آئندہ بھی تمام معاملات پر مل بیٹھ کر مشاورت کے ذریعے حل نکالا جائے گا۔
ملاقات کے دوران موجودہ صورتحال اور ملک کی سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تمام معاملات کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی ملاقات۔
ملاقات میں موجودہ صورتحال پر گفتگو ہوئی
ملاقات کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا
تمام معاملات کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جائے گا۔… pic.twitter.com/n9p0UCaFGS
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) November 19, 2026
ذرائع کے مطابق حالیہ اعلیٰ سطح ملاقات میں قیادت نے اس امر پر زور دیا کہ ملکی استحکام اور اتحادی حکومت کی مضبوطی کے لیے ضروری ہے کہ تمام فریقین کو اعتماد میں لیا جائے۔ اس موقع پر طے پایا کہ جغرافیائی حدود میں ردوبدل یا کسی بھی بڑے آئینی معاملے پر پیش رفت صرف آئین کے طے شدہ طریقہ کار اور تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان مکمل اتفاقِ رائے سے ہی ممکن بنائی جائے گی، تاکہ سیاسی درجہ حرارت کو کم کر کے معاشی بحالی پر توجہ مرکوز رکھی جا سکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ بیٹھک ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور وفاقی کابینہ کے بعض اراکین کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کرانے کی تجویز سامنے آنے پر حکمران اتحاد میں تناؤ کی کیفیت پیدا ہو گئی تھی۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے حالیہ بیانات اور انٹرویوز میں صوبوں کی تقسیم کے حوالے سے ریفرنڈم کی تجویز کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ آئینی طریقہ کار کو نظر انداز کر کے یا زبردستی صوبے بنانے کی کوشش سے سندھ اور ملک میں سنگین حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ریفرنڈم کے بجائے انتخابی اصلاحات اور عام انتخابات کی طرف توجہ دی جانی چاہیے۔
دوسری جانب وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ دفاع خواجہ آصف اور وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال سمیت بعض حکومتی شخصیات نے نئے صوبوں کے قیام اور عوامی رائے لینے کی حمایت کی تھی، جبکہ اس سے قبل نواب شاہ میں محسن نقوی اور صدر آصف زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات کے حوالے سے ایوانِ صدر اور پیپلز پارٹی نے واضح کیا تھا کہ اس نشست میں صوبوں کی تقسیم پر کوئی بات نہیں ہوئی۔