این سی سی آئی اے کو قومی سطح کی ’پاکستان سائبر پولیس‘ میں تبدیل کرنے کی تیاری

تنظیم نوپر اجلاس میں وزیراعظم کوبریفنگ

November 25, 2026 · اہم خبریں

تصویر: سوشل میڈیا

تصویر: سوشل میڈیا

 

نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (NCCIA) کو قومی سطح کی ‘پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز پیش کر دی گئی ہے، جس کے لیے میرٹ کی بنیاد پر بہترین افرادی قوت بھرتی کی جائے گی۔

یہ بریفنگ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت این سی سی آئی اے کی تنظیم نو کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں ایجنسی کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سائبر کرائم کے ضمن میں نیشنل سیکیورٹی کے لیے مخصوص نظام فعال ہو چکا ہے اور موجودہ نظام کے تحت زیر التوا کیسز کے حل کے لیے حتی المقدور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ سائبر جرائم کی روک تھام اور تحقیقات کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے اور این سی سی آئی اے کو ایک مؤثر، فعال اور جدید ادارہ بنانے کے لیے تنظیم نو کا عمل تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے ادارے اور اس کے تمام ذیلی دفاتر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ماہرین کو میرٹ پر تعینات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم نو میں اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے، جبکہ زیر التوا مقدمات کے جلد حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

وزیراعظم نے ایجنسی کی جانب سے پیش کی گئی اصلاحات کی سفارشات کا جائزہ لینے کے لیے وفاقی وزراء محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب اور شزا فاطمہ خواجہ پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے، جو رواں ہفتے کے آخر تک اپنی حتمی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، سید محسن رضا نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں