پی ٹی آئی کا اعلیٰ عدلیہ سے عمران خان کے لیے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ

خط پر تاحال کارروائی نہیں ہوئی، عدالتی احکامات پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

November 25, 2026 · اہم خبریں

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔

 

 تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے ایک بار پھر اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرتے ہوئے تینوں چیف جسٹس صاحبان سے مطالبہ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو بلا تاخیر انصاف فراہم کیا جائے۔

دستاویزات اور جاری کردہ بیانات کے مطابق، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 10 روز قبل تینوں چیف جسٹس صاحبان کو خط لکھ کر انصاف کی اپیل کی تھی، مگر تاحال اس خط پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ یہ خط وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے چیف جسٹس صاحبان تک پہنچایا گیا تھا، جس میں بانی پی ٹی آئی کی طبی سہولتوں اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی اپیل کی گئی تھی۔

خط کے متن کے مطابق، بانی پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ڈاکٹروں نے انتباہ کیا ہے کہ انہیں برین ہیمرج اور دل کے دورے کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے ، ان کا بلڈ پریشر 193 تک پہنچ چکا ہے۔

دریں اثنا، تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس چیئرمین بیرسٹر گوہر کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں بانی پی ٹی آئی کی گرتی ہوئی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ کور کمیٹی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، سپریم کورٹ کے 18 اگست کے فیصلے پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں زور دیا گیا کہ جج صاحبان بانی پی ٹی آئی کے خط میں اٹھائے گئے سنگین معاملات کا فوری اور سنجیدہ نوٹس لیں، ان کے علاج سے متعلق عدالتی احکامات پر بلاتاخیر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور ان کی زیرِ التوا درخواست فوری سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں