وینزویلا تیل کے معاہدے میں نائب صدر کے مبینہ کردار پر امریکی سینیٹ کی تحقیقات

فوجی کارروائی سے پہلے جے ڈی وینس نے پیٹرولیم کے تاجر سے ملاقات کی تھی

November 25, 2026 · امت خاص

جے ڈی وینس کا نیتن یاہو کی انتخابی مہم کی حمایت سے انکار

جے ڈی وینس کا نیتن یاہو کی انتخابی مہم کی حمایت سے انکار

 

امریکی سینیٹ نے وینزویلا کے تیل کے تجارتی معاہدے کے سلسلے میں نائب صدر جے ڈی وینس اور گن تجارت کرنے والی کمپنی ویٹول کے درمیان مبینہ تعلقات کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ تحقیقات رواں ماہ کے آغاز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے بعد شروع کی گئی ہیں، جس میں بتایا گیا تھا کہ امریکی نائب صدر نے امریکہ کی جانب سے وینزویلا میں فوجی کارروائی سے پہلے ویٹول کے ایک تاجر سے ملاقات کی تھی۔

اس رپورٹ میں ایک نامعلوم ذرائع کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ جے ڈی وینس نے مونٹانا کے ایک سکی ریزورٹ میں ویٹول کے گیسولین تاجر جان ایڈیسن سے ملاقات کی تھی، جنہیں ان کے پرانے دوست اور ابتدائی مالی معاون کے طور پر بیان کیا گیاہے۔

رپورٹ میں پرواز کے ریکارڈ کا بھی حوالہ دیا گیا ہے جس کے مطابق جان ایڈیسن کا نجی طیارہ اور نائب صدر کا سرکاری طیارہ اسی وقت بوزمین یلو اسٹون انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ اسی رپورٹ کے مطابق خبررساں ادارے کے ذرائع نے بتایا کہ جے ڈی وینس اور جان ایڈیسن نے وینزویلا کے بارے میں بات چیت کی تھی اور خاص طور پر اس بات پر تبادلہ خیال کیا تھا کہ امریکہ کی جانب سے ملک کی تیل کی صنعت پر کنٹرول حاصل کرنے کی صورت میں وینزویلا کا خام تیل کتنی تیزی سے تجارت میں لایا جا سکتا ہے۔

امریکی نائب صدر کے دفتر اور جان ایڈیسن دونوں نے اس رپورٹ کی تردید کی ہے اور مذکورہ تاجر کا کہناہےکہ جو بھی ایسا کہتا ہے وہ بالکل جھوٹ بول رہا ہے کیونکہ میں نے کبھی کسی کو ایسی بات نہیں بتائی۔

رپورٹ کے مطابق امریکہ کی جانب سے وینزویلا میں فوجی کارروائی اور صدر نکولس مادورو کو ہٹانے کے دو دن بعد امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے جان ایڈیسن کو فون کیا تاکہ انہیں امریکہ لایا جا سکے اور وینزویلا کے تیل کا کنٹرول سنبھالا جا سکے۔ اس کے فورا بعد ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ویٹول اور ٹرافیگرا کو وینزویلا کے خام تیل کی تجارت کے لیے خصوصی لائسنس جاری کیے گئے۔

وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر توانائی کرس رائط کے درمیان کبھی وینزویلا کے تیل کی فروخت کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی اور ویٹول کا انتخاب اس لیے کیا گیا کیونکہ یہ دنیا کی سب سے بڑی توانائی کی اشیا کی تجارت کرنے والی کمپنی ہے

۔ ویٹول اور ٹرافیگرا کا کہنا ہے کہ انہیں فوجی کارروائی کے بارے میں کوئی پیشگی علم نہیں تھا۔

وینزویلا نے رواں سال 200 ملین بیرل سے زائد تیل برآمد کیا ہے۔ ویٹول اور ٹرافیگرا دونوں نے سرکاری تیل کمپنی پی ڈی وی ایس اے کے ساتھ اپنے معاہدے کی شرائط ظاہر کرنے سے انکار کر دیا ہے، لیکن رواں سال کے اوائل کی رپورٹس کے مطابق دونوں بڑی تجارتی کمپنیوں نے وائٹ ہاؤس کے ساتھ وینزویلا کا 50 ملین بیرل خام تیل فروخت کرنے کا معاہدہ کیا تھا، جس کی اس وقت مالیت تقریباً 2 ارب ڈالر تھی۔ بعد ازاں ان دونوں کمپنیوں کی جانب سے فروخت کیے جانے والے تیل کی کل مقدار کو دو گنا بڑھا کر 100 ملین بیرل کر دیا گیا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں