بھارتی وزارت اطلاعات نے نیٹ فلیکس کو پاکستانی ڈراما نہ دکھانے کی ہدایت کردی

’’جوبچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ 4 دسمبر کو ریلیز ہوگا

November 26, 2026 · امت خاص

بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات نے نیٹ فلیکس کو ہدایت کی ہے کہ وہ 8 مئی 2025 کے حکم کی پابندی کرے اور پاکستان سے متعلقہ کوئی بھی مواد بھارت میں دیکھنے کے لیے مہیا نہ کرے۔

وزارت کے ذرائع کے مطابق نیٹ فلیکس نے جون 2025 میں وزارت کو بتایا تھا کہ اس نے پاکستانی اصل کے کسی فلم یا سیریز کو بھارتی صارفین کے لیے دستیاب نہیں کیا۔ اب وزارت نے کئی شکایات اوردرخواستوںکے بعد اوٹی ٹی پلیٹ فارم سے کہا ہے کہ وہ خاص طور پر پاکستانی ویب سیریز ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو ‘‘کی ممکنہ ریلیز کے حوالے سے عہد پر قائم رہے۔

بھارتی فلم انڈسٹری سے وابستہ ورکرز، تکنیکی ماہرین اور فنکاروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قائم تنظیم آل انڈین سینے ورکز ایسوسی ایشن (AICWA) نے وزیرِ اعظم کو لکھے گئے خط میں ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی انڈیا میں ریلیز روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ خبر رساں ادارے ’اے این آئی‘ کے مطابق تنظیم نے یہ خط انڈین وزیرِ اعظم نریندر مودی کے نام لکھا ہے جس کی نقول نیٹ فلکس انڈیا اور انڈین وزیرِ اطلاعات کو بھی بھیجی گئی ہیں۔خط میں ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پر پابندی کے ساتھ ساتھ پاکستانی ڈراموں، فلموں اور سیریز پر مستقل پابندی عائد کرنے کے لیے قانون سازی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

پاکستان کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ پہلے کھیلوں کو ہتھیار بنایا گیا، پھر پانی کو، اور اب فن اور ثقافت کو۔ آل انڈیا سنی ورکرز ایسوسی ایشن نئی دہلی سے مطالبہ کر رہی ہے کہ پاکستانی مواد پر مستقل پابندی عائد کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ آپ کو کتنے عدمِ تحفظ کا شکار ہونا پڑتا ہے کہ ایک کرکٹ میچ سیاسی خطرہ نظر آئے اور ایک ٹیلی وژن ڈرامہ قومی سلامتی کا مسئلہ محسوس ہو؟

بھارتی وزارت نے واضح کیا ہے کہ یہ ہدایت قومی سلامتی کے تحفظات اور موجودہ حالات کے پیش نظر جاری کی گئی ہے۔

یہ سیریز نیٹ فلیکس کی پاکستان سے پہلی اصل پروڈکشن ہے، جو فرحت اشتیاق کے ناول پر مبنی ہے اور فواد خان، ماہرہ خان سمیت کئی معروف اداکاروں پر مشتمل ہے۔ اس کی عالمی ریلیز 4 دسمبر 2026 کو طے ہے۔

یہ سیریز دنیا کے 191 ممالک میں دستیاب ہوگی اور اسے متعدد زبانوں میں ڈب کیا گیا ہے۔ ایم ڈی فلمز کے بینر تلے بننے والیسیریز کی کہانی معروف ناول نگار فرحت اشتیاق نے لکھی ہے، ہدایت کاری مومنہ درید نے کی ہے۔

ممکنہ طور پر 13 اقساط پر مشتمل اس سیریز کے پہلے حصے میں پانچ اقساط شامل ہیں۔ اس کی کہانی تین نسلوں اور محبت کی چھ داستانوں کے گرد گھومتی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں