ریڈ زون کی بندش ، وفاقی آئینی عدالت اور اسلام اباد ہائی کورٹ میں آج عدالتی کارروائی معطل رہے گی

دونوں عدالتوں کی تمام کاز لسٹس بھی منسوخ ،افسران اور عملہ 27 نومبر کو گھر سے کام کریں گے ، نوٹیفکیشن جاری

November 27, 2026 · اہم خبریں, قومی

فائل فوٹو

فائل فوٹو

نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد ریڈ زون کی بندش اور وکلا، سائلین اور عدالتی عملے کو درپیش مشکلات کے پیش نظر 27 نومبر کو عدالتی کام معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ اس روز عدالت کی تمام کاز لسٹس بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت نے پریکٹس اینڈ پروسیجر رولز 2026 کے رول 5(2) کے تحت عدالتی کارروائی معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔

فیصلے کے تحت وفاقی آئینی عدالت کے افسران اور عملہ 27 نومبر کو گھر سے کام کریں گے، تاہم انہیں اسٹیشن چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی آئینی عدالت کی چاروں برانچ رجسٹریاں عدالتی اور انتظامی امور کی انجام دہی کے لیے کھلی رہیں گی۔

 سریں اثنا اسلام آباد ہائی کورٹ نے جمعہ 27 نومبر 2026 کو عدالتی کارروائی معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور اس روز کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی ہے۔

رجسٹرار رائے محمد خان کی جانب سے 26 نومبر 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حکومتِ پاکستان (کابینہ ڈویژن) نے 26 نومبر 2026 کے نوٹیفکیشن کے تحت ریڈ زون اسلام آباد میں واقع تمام وزارتوں، ڈویژنوں اور دیگر اداروں کے لیے جمعہ، 27 نومبر 2026 کو ’ورک فرام ہوم‘ کا اعلان کیا ہے۔

اسی صورتحال کے پیشِ نظر سائلین، وکلا اور عدالتی عملے کو اسلام آباد ہائی کورٹ تک رسائی میں شدید مشکلات کے خدشے کے باعث چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی منظوری سے جمعہ کو عدالتی کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی آئینی عدالت کا یہ نوٹیفکیشن چیف جسٹس کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں