مرکزی حکومت کی جانب سے پیش کیے جانے والے مجوزہ حد بندی بل پر اپوزیشن جماعتوں نے سخت اعتراضات اٹھائے ہیں۔ کانگریس نے مطالبہ کیا ہے کہ لوک سبھا کی موجودہ نشستوں کی تعداد برقرار رکھی جائے اور اسی تعداد کی بنیاد پر خواتین کو ریزرویشن دیا جائے۔ اپوزیشن نے بل کی کاپیاں ارکان پارلیمنٹ کو فراہم نہ کیے جانے اور لوک سبھا کی نشستوں میں 50 فیصد اضافے کے حکومتی دعوے پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔
کانگریس کی حکمت عملی سے متعلق میٹنگ کے بعد پارٹی نے تین مطالبات پیش کیے۔ ان میں لوک سبھا کی موجودہ نشستوں کی تعداد برقرار رکھنا، موجودہ تعداد کی بنیاد پر خواتین کو ریزرویشن دینا اور اگلے 25 برس تک ریاستوں کے درمیان نشستوں کی موجودہ تقسیم برقرار رکھنا شامل ہے۔
کانگریس لیڈر گورو گوگوئی نے کہا کہ پہلے ایس آئی آر کے ذریعے مودی اور شاہ یہ طے کرتے تھے کہ کون ووٹ دے گا اور کون نہیں، لیکن اب حد بندی کے ذریعے یہ طے کریں گے کہ کون کہاں ووٹ دے گا اور کہاں نہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مودی اور شاہ نے الیکشن کمیشن کو اپنی کٹھ پتلی بنا رکھا ہے۔ ایسے میں وہ حد بندی کے ذریعے عوام کا کیا بھلا کریں گے؟
گورو گوگوئی نے کہا کہ جو حکومت ایک ہی دن میں 140 سے زیادہ ارکان پارلیمنٹ کو معطل کروا دیتی ہے اور پھر قانون لاکر چیف الیکشن کمشنر کو قانونی تحفظ فراہم کرتی ہے، کیا اس کی منشا پارلیمنٹ کو بہتر طریقے سے چلانے کی ہے؟ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی آئین تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ پہلے اپنے منصوبوں میں کامیاب نہ ہونے کے بعد اب وہ حد بندی کے ذریعے اپنی عددی طاقت بڑھا کر آئین تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر اس کے خلاف پوری مضبوطی سے لڑے گی۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے بھی حکومت پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں کو دی جانے والی لوک سبھا کی نشستوں میں 50 فیصد کا متناسب اضافہ کرنے کی دلیل میں بنیادی خامی ہے۔ ان کے مطابق یہ دلیل گمراہ کن ہے۔
تھرور نے مثال دیتے ہوئے کہا، ’’فرض کیجیے کہ آپ کسی کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیں اور آپ کی تنخواہ دو لاکھ روپے ہے، جب کہ آپ کے ڈرائیور کی تنخواہ 20 ہزار روپے ہے۔ یعنی دونوں کی تنخواہوں کا تناسب 10:1 ہے۔ اب آپ سب کی تنخواہوں میں 50 فیصد اضافے کا اعلان کرتے ہیں۔ اس طرح آپ کی تنخواہ تین لاکھ روپے اور ڈرائیور کی تنخواہ 30 ہزار روپے ہوجائے گی۔ لیکن دونوں کے درمیان تناسب اب بھی 10:1 ہی رہے گا۔ بی جے پی بھی بالکل یہی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اگر ڈی ایم کے اس جال میں پھنس گئی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ اس معاملے پر صحیح انداز میں غور نہیں کر رہی ہے۔‘‘
ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے بھی جے رام رمیش کی بات سے اتفاق کیا۔ انہوں نے ایکس پر لکھا، ’’آپ کی دولت میں 50 فیصد اضافہ ہوجانا اور اسی دوران اڈانی کی دولت میں بھی 50 فیصد اضافہ ہوجانا، حقیقت میں برابری نہیں ہے۔ یہ بالکل سیدھی سی بات ہے۔‘‘
سی پی ایم کے رکن پارلیمنٹ جان بریٹاس نے کہا کہ مودی حکومت کے نام نہاد انضمام، حصول اور خرید و فروخت کے پیچھے ایک خطرناک مقصد نظر آتا ہے۔ ان کے مطابق خواتین کے ریزرویشن بل کی آڑ میں حد بندی نافذ کرنے کے لیے اکثریت تیار کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خصوصی اجلاس کی سیاسی قیمت بہت بھاری ہوگی۔ سیاسی جوڑ توڑ کے ذریعے حاصل کی گئی اکثریت عوام کا مینڈیٹ نہیں ہوتی بلکہ یہ جمہوریت کا مذاق ہے۔ اگر ملک کے انتخابی مستقبل کو اس طرح تبدیل کیا جا رہا ہے تو 30 نومبر سے شروع ہونے والا پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس ہندوستانی جمہوریت کی تاریخ کا سب سے افسوس ناک باب ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے نام پر انتخابی چال بازیوں کو چھپانے کی کوشش نہیں ہونی چاہیے۔
سی پی ایم کے جنرل سکریٹری ایم اے بے بی نے بھی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ایکس پر لکھا، ’’میں 12 سال (1986 سے 1998) تک پارلیمنٹ کا رکن رہا ہوں، لیکن جمہوریت کو کمزور کرنے کے لیے اختیار کیے جانے والے ایسے خفیہ طریقے پہلے کبھی نہیں دیکھے۔ عام طور پر جب کسی اجلاس کو ملتوی کرکے ختم کیا جاتا ہے تو نئے اجلاس کے لیے 15 دن کا نوٹس دیا جاتا ہے۔ ارکان پارلیمنٹ کو حکومت سے سوالات پوچھنے کے لیے 14 دن کا وقت ملتا ہے۔ یہ ان کا آئینی حق ہے، لیکن اب انہیں اس حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ حکومت کس بات سے خوف زدہ ہے؟ وہ کیا چھپانے کی کوشش کر رہی ہے؟ معمول کے حالات میں اب تک پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس شروع ہوچکا ہوتا، لیکن مودی، شاہ اور بھاگوت کے دور حکومت میں حالات معمول کے مطابق نہیں ہیں۔‘‘
سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے خواتین کے ریزرویشن سے متعلق حکومت کے دعووں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یا تو وزیر داخلہ امت شاہ کی یادداشت کمزور ہوگئی ہے یا پھر وہ حقیقت چھپا رہے ہیں۔ امت شاہ کا دعویٰ ہے کہ کانگریس لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے ایک تہائی نشستیں محفوظ کرنے کے وعدے کو نافذ ہونے سے نہیں روک سکتی۔
چدمبرم نے کہا کہ آئین کی 106ویں ترمیم 2023 میں ہی منظور ہوچکی ہے۔ یہ بل 20 اور 21 ستمبر 2023 کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور ہوا تھا اور کانگریس نے بھی اس کی منظوری میں مکمل تعاون کیا تھا۔ کانگریس تو اس قانون کو فوری طور پر نافذ کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ ایسے میں سوال یہ ہے کہ بی جے پی حکومت اس قانون کو نافذ کیوں نہیں کر رہی ہے؟