جماعت اسلامی نے 29 نومبر کو لاہور میں ہونے والا جلسہ ایک ہفتے کے لیے موخر کردیا۔
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق بابا گرو نانک دیو جی کے 557 ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کی لاہور میں موجودگی کے باعث 29 نومبر کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا ہے۔ جلسہ اب 6 دسمبر کو منعقد ہوگا۔
جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات اور ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کے مطالبے کے سلسلے میں اتوار 29 نومبر کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کیا تھا، تاہم سکھ یاتریوں کی آمد اور لاہور میں قیام کے باعث جماعت اسلامی کو جلسے کی اجازت نہیں مل سکی جس کے بعد پروگرام کی تاریخ تبدیل کردی گئی۔
بھارت سے آنے والے سکھ یاتری 28 نومبر کی شام کرتارپور سے لاہور میں گوردوارہ ڈیرہ صاحب پہنچیں گے۔ یاتری 29 اور 30 نومبر کو لاہور میں قیام کے بعد یکم دسمبر کو واپس بھارت روانہ ہوں گے۔