نئی دہلی/انڈیا اتحاد کی پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کی ہفتہ کو یہاں منعقدہ میٹنگ میں حکومت کے مجوزہ حد بندی سے متعلق آئینی ترمیمی بل کی متحدہ طور پر سخت مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔انڈیا اتحاد کے رہنماؤں نے میٹنگ میں کہا کہ حکومت کو لوک سبھا کی نشستوں میں اضافہ کرنے کے لیے حد بندی کرنے کے بجائے موجودہ 543 نشستوں کی بنیاد پر ہی خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن دینے کا انتظام کرنا چاہیے۔ اتحاد کے رہنماؤں نے میٹنگ میں حد بندی بل کی پہلے کی طرح مخالفت کرنے اور موجودہ لوک سبھا کی نشستوں کی بنیاد پر خواتین کو ریزرویشن دینے کے اپنے پرانے مطالبے پر قائم رہنے کا فیصلہ کیا۔
میٹنگ کے بعد کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے ہفتہ کو یہاں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن خواتین کے ریزرویشن کے حق میں ہے، لیکن اس کے لیے حد بندی اور لوک سبھا کی موجودہ نشستوں میں تبدیلی ضروری نہیں ہے۔ خواتین کو ایک تہائی ریزرویشن موجودہ 543 لوک سبھا نشستوں میں ہی دیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت خواتین کے ریزرویشن کے نام پر حد بندی کو آگے بڑھانا چاہتی ہے، جبکہ اپوزیشن کا خیال ہے کہ ان دونوں امور کو جوڑنے کی بالکل ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوک سبھا میں ریاستوں کے درمیان نمائندگی کا موجودہ تناسب بھی برقرار رکھا جانا چاہیے اور آئندہ 25 برسوں تک اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارلیمنٹ میں حکومت کے اس قدم کی متحد ہو کر مخالفت کرے گی اور آئین نیز وفاقی ڈھانچے کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میٹنگ میں اپوزیشن رہنماؤں نے مجوزہ بل کے ذریعے لوک سبھا کی نشستوں میں 50 فیصد تک اضافہ کرنے اور حد بندی کے ذریعے خواتین کا ریزرویشن نافذ کرنے کے حکومت کے منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ بل کے تحت لوک سبھا کی زیادہ سے زیادہ رکنیت 850 کرنے کی تجویز ہے۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ خواتین کا ریزرویشن موجودہ 543 نشستوں میں ہی نافذ کیا جا سکتا ہے اور اس کے لیے لوک سبھا کا حجم بڑھانے اور حد بندی کو اس سے جوڑنے کی ضرورت نہیں ہے۔
میٹنگ میں مسٹر کھرگے کے علاوہ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، ترنمول کانگریس کے ابھیشیک بنرجی اور ڈیرک او برائن، راشٹریہ جنتا دل کے منوج کمار جھا اور ابھے کشواہا، سماجوادی پارٹی کے رام جی لال سمن، مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے اے رحیم، ہندوستان کی کمیونسٹ پارٹی کے پی سنتوش کمار، انڈین یونین مسلم لیگ کے ای ٹی محمد بشیر، ریوولیوشنری سوشلسٹ پارٹی کے این کے پریم چندرن، نیشنل کانفرنس کے چودھری محمد رمضان، شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے اروند ساونت، جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے بیدیہ ناتھ رام اور آزاد راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ کپل سبل سمیت دیگر رہنما شامل ہوئے۔ کانگریس رہنما پرینکا گاندھی واڈرا، کے سی وینوگوپال، جے رام رمیش، پون کھیڑا، سید ناصر حسین، پرمود تیواری اور گورو گگوئی بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق میٹنگ میں دراوڑ منیترا کژگم (ڈی ایم کے)، عام آدمی پارٹی اور بیجو جنتا دل کو بھی مدعو کیا گیا تھا، لیکن ان کا کوئی نمائندہ میٹنگ میں شامل نہیں ہوا۔ میٹنگ میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار) کی سپریا سولے بھی نظر نہیں آئیں، حالانکہ انہوں نے جمعہ کو کہا تھا کہ وہ میٹنگ میں شرکت کریں گی۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments