
سیکریٹری بلدیات اور میئر نے جواب کیلئے پھر مہلت مانگ لی
معاملہ عوامی مفادات عامہ کا ہے، آئندہ سماعت پر بہر صورت جواب جمع کرائیں، سندھ ہائی کورٹ
مچھر مار اسپرے اور گاڑیاں فراہم کرنا کے ایم سی کی ذمہ داری تھی، ڈی ایم سی جنوبی اور ملیر کا جواب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ میں شہر میں گندگی کے ڈھیر، مکھیوں اور مچھروں کی بہتات کا معاملہ، سیکرٹری بلدیات اور میئر کراچی نے جواب کے لیے ایک بار پھر مہلت مانگ لی۔ بلدیاتی محکموں کے کام نہ کرنے کے خلاف شہری کی درخواست کی سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی جہاں سیکرٹری بلدیات اور میئر کراچی نے جواب کے لیے ایک بار پھر مہلت مانگ لی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ معاملہ عوامی مفاد عامہ کا ہے آئندہ سماعت پر بہرصورت جواب جمع کرائیں۔ ڈی ایم سی جنوبی اور ملیر نے جواب جمع کرایا جس میں ان کا کہنا ہے کہ مچھر مار اسپرے اور گاڑیاں فراہم کرنا کے ایم سی کی ذمہ داری تھی، مچھر مار اسپرے اور گاڑیاں ملنے پر اسپرے شروع کرا دیا ہے ضلع میں اب تک دو بار اسپرے کرچکے، درخواست گزار کا موقف تھا کہ شہر گندگی کا ڈھیر بن چکا ادارے کام نہیں کر رہے، مکھیوں کی بھرمار سے شہری کئی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔