سعودی عرب جانے والے مسافروں کو جھٹکا، ریاض اور دمام کی پروازیں 31 دسمبر تک منسوخ

اگر آپ نے دسمبر میں سعودی عرب جانے یا وہاں سے ہندوستان واپس آنے کے لیے ایئر انڈیا ایکسپریس کا ٹکٹ بک کرایا ہے تو یہ خبر آپ کے لیے اہم ہے۔ ایئر لائن نے ریاض اور دمام سے آنے اور جانے والی تمام پروازیں 31 دسمبر 2026 تک منسوخ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے سے ان دونوں شہروں کا سفر کرنے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم، ایئر لائن جدہ کے لیے پروازیں مرحلہ وار شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

ایئر انڈیا ایکسپریس کے مطابق، جن مسافروں نے 27 نومبر یا اس سے پہلے ریاض، دمام یا جدہ کے لیے 31 دسمبر تک کا ٹکٹ بک کرایا تھا اور ان کی پرواز منسوخ ہوگئی ہے، وہ بغیر کسی اضافی فیس کے ایک بار اپنی سفر کی تاریخ یا پرواز میں تبدیلی کر سکتے ہیں۔

مسافر ہندوستان سے سعودی عرب یا بحرین کے کسی ایسے شہر کے لیے دوبارہ ٹکٹ بک کرا سکتے ہیں، جہاں ایئر انڈیا ایکسپریس کی پروازیں فی الحال جاری ہیں۔ تاہم، نئی پرواز کے ذریعے سفر 14 جنوری 2027 تک مکمل کرنا ضروری ہوگا۔ ایئر لائن نے واضح کیا ہے کہ نئی بکنگ سیٹوں کی دستیابی کے مطابق ہی کی جا سکے گی۔

اگر مسافر سفر نہیں کرنا چاہتے تو وہ اپنا ٹکٹ منسوخ کراکے مکمل رقم واپس حاصل کرسکتے ہیں۔ ٹکٹ میں تبدیلی یا رقم کی واپسی سے متعلق معلومات کے لیے مسافر ایئر انڈیا ایکسپریس کے کسٹمر کیئر نمبر +91 124 6935600 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایئر لائن کے بکنگ دفاتر سے بھی مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔

ایسے مسافر جو دسمبر میں سعودی عرب جانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، انہیں ٹکٹ میں تبدیلی یا رقم کی واپسی کا فیصلہ کرنے سے پہلے ایئر لائن سے اپنی پرواز کی موجودہ صورتحال کی تصدیق ضرور کرلینی چاہیے، تاکہ سفر کے دوران کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں