پنجاب: عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی ڈاکٹر چرنجیت سنگھ نے ’شرومنی اکالی دل‘ میں شمولیت اختیار کر لی

پنجاب میں آئندہ اسمبلی انتخاب سے قبل عام آدمی پارٹی (عآپ) کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ چمکور صاحب اسمبلی حلقے سے پارٹی کے موجودہ رکن اسمبلی ڈاکٹر چرنجیت سنگھ شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) میں شامل ہو گئے ہیں۔ اکالی دل کے صدر سکھبیر سنگھ بادل نے انہیں پارٹی کی رکنیت دلائی۔ اکالی دل کے سربراہ سکھبیر سنگھ بادل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ڈاکٹر چرنجیت سنگھ کا پارٹی میں خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ طبی شعبے کی ایک ممتاز شخصیت ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ڈاکٹر چرنجیت سنگھ اور ان کی ٹیم کو اکالی دل میں مناسب عزت اور ذمہ داری دی جائے گی۔ سکھبیر سنگھ بادل نے کہا کہ ان کی پارٹی میں شمولیت سے علاقے میں شرومنی اکالی دل مزید مضبوط ہوگا۔

واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی نے آئندہ اسمبلی انتخاب کے لیے چمکور صاحب سیٹ سے ڈاکٹر چرنجیت سنگھ کی جگہ جسبیر سنگھ گڑھی کو امیدوار بنایا ہے۔ ڈاکٹر چرنجیت سنگھ نے 2022 کے پنجاب اسمبلی انتخاب میں عام آدمی پارٹی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑتے ہوئے اس وقت کے وزیر اعلیٰ اور کانگریس رہنما چرنجیت سنگھ چنی کو چمکور صاحب سیٹ سے شکست دی تھی۔ حالانکہ بی جے پی اور اکالی دل کے اتحاد کے بعد انہوں نے اکالی دل کا انتخاب کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :

قابل ذکر ہے کہ عام آدمی پارٹی نے پنجاب اسمبلی انتخاب 2027 کے لیے اب تک 8 موجودہ اراکین اسمبلی کے ٹکٹ کاٹے ہیں۔ ان میں گرمیت سنگھ کھڈیاں، لال جیت سنگھ بھلر، انمول گگن مان، کلونت سنگھ باجیگر، امیت رتن کوٹ پھٹا، رمن اروڑہ، ڈاکٹر چرنجیت سنگھ اور کنور وجے پرتاپ سنگھ کے نام شامل ہیں۔ اب تک پارٹی نے 2 فہرستوں میں 117 نشستوں میں سے 71 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ 46 نشستوں پر امیدواروں کا اعلان باقی ہے۔ ڈاکٹر چرنجیت سنگھ سے قبل بھی 3 اراکین اسمبلی عآپ کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔ سنور سے رکن اسمبلی ہرمیت سنگھ پٹھان ماجرا، سمانہ سے رکن اسمبلی اور سابق وزیر چیتن سنگھ جوڑاماجرا اور امرتسر نارتھ سے رکن اسمبلی اور سابق آئی پی ایس افسر کنور وجے پرتاپ سنگھ بھی پارٹی کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں