شائع
ورلڈ بینک کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور ڈیجیٹل شعبے میں ملازمتوں کی طلب بھی بڑھ رہی ہے تاہم ملکی ایجوکیشن سسٹم اس شعبے کی بدلتی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے میں پیچھے ہے۔
ورلڈ بینک کی ’مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقا، افغانستان اور پاکستان میں ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت کی مہارتیں برائے روزگار‘ کے مطابق عالمی ڈیجیٹل لیبر مارکیٹ میں اب مصنوعی ذہانت (اے آئی)، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، سائبر سکیورٹی، ڈیٹا انجینئرنگ اور پلیٹ فارم انجینئرنگ جیسے شعبوں میں تجربہ کار اور خصوصی مہارت رکھنے والے افراد کی طلب بڑھ رہی ہے، تاہم پاکستان میں ایسے ماہرین کی فراہمی کا نظام کمزور ہے۔
رپورٹ کے مطابق نوجوان آبادی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی خدمات کے شعبے میں تیزی سے توسیع کے باعث پاکستان پہلے ہی علاقائی ڈیجیٹل لیبر مارکیٹ کا حصہ بن چکا ہے۔ سعودی عرب میں اعلیٰ مہارت رکھنے والے غیر ملکی کارکنوں کی آمد میں پاکستانیوں کا حصہ 11.9 فیصد ہے، جب کہ 2024 میں بیرونِ ملک جانے والے رجسٹرڈ پاکستانی کارکنوں میں سے 62 فیصد سعودی عرب گئے۔
تاہم رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ ملک کا تعلیمی اور تربیتی نظام اس بڑھتی طلب سے ہم آہنگ نہیں ہو پا رہا۔ یونیورسٹیوں کے نصاب میں اب بھی بنیادی تصورات پر زیادہ توجہ دی جاتی ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجیز کے عملی استعمال سے متعلق تربیت محدود ہے۔
رپورٹ کے مطابق تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان کمزور روابط کے باعث ٹیکنالوجی کے شعبے میں متعدد طلبہ کو ڈگری مکمل کرنے کے پہلے سال میں ہی صنعت کی ضروریات سے مطابقت رکھنے والی ملازمتیں نہیں ملتیں۔
ورلڈ بینک نے ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت سے متعلق ذمہ داریوں کی تقسیم کو بھی ایک بڑا مسئلہ قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق وفاقی وزارتوں، صوبائی حکومتوں، جامعات، فنی تربیت کے اداروں اور صنعتی تنظیموں کے درمیان یہ ذمہ داری تقسیم ہے، تاہم تربیتی نظام کو حقیقی وقت میں لیبر مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کوئی یکساں اور صنعت سے منظور شدہ فریم ورک موجود نہیں۔
رپورٹ میں ڈیجیٹل شعبے میں خواتین کی کم نمائندگی کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں کورس ایرا (Coursera) کے آن لائن سیکھنے والوں میں خواتین کا تناسب صرف 16 فیصد ہے جبکہ عالمی سطح پر یہ شرح 43 فیصد ہے۔
حل کیا ہے؟
ورلڈ بینک نے ان مسائل سے نمٹنے کے لیے ملک بھر میں ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت کی مہارتوں کے فروغ کا ایک مربوط نظام قائم کرنے کی تجویز دی ہے، جس کے تحت تعلیمی نصاب، تربیتی معیار اور سرٹیفکیشن کے نظام کو یکجا کیا جائے۔
رپورٹ کے مطابق سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کی ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت سے متعلق صلاحیتیں بڑھانے کے ساتھ بتدریج اسکولوں کے نصاب میں ڈیجیٹل خواندگی کو شامل کرنا بھی ضروری ہے، تاکہ ابتدائی سطح پر ہی طلبہ کی بنیادی مہارتیں بہتر بنائی جا سکیں۔

اس کے علاوہ روزگار کے حصول اور نجی شعبے کی ضروریات سے منسلک انٹرن شپ پروگراموں کو وسعت دینے کی سفارش کی گئی ہے، تاکہ طلبہ کے لیے تعلیم سے عملی ملازمت کی جانب منتقلی آسان ہو۔
رپورٹ میں صحت، تعلیم اور سرکاری انتظامیہ کے شعبوں میں بھی مصنوعی ذہانت کی تربیت شامل کرنے پر زور دیا گیا ہے، جب کہ تیزی سے ترقی کرنے والے ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مہارت کے مراکز قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے، تاکہ پاکستان کی آئی ٹی سروسز کی صنعت عالمی منڈی میں زیادہ قدر والی خدمات فراہم کرنے کے قابل ہو سکے۔
عالمی بینک کے مطابق ڈیجیٹل تربیت تک رسائی میں جغرافیائی اور صنفی فرق کم کرنے کے لیے ملک بھر، بالخصوص دیہی علاقوں میں تربیتی مواقع بڑھانا ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے مقامی لیبر مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق لچک دار تربیتی نظام متعارف کرانے کی سفارش کی گئی ہے، جس سے خواتین اور درمیانی یا زیادہ عمر کے ایسے افراد بھی فائدہ اٹھا سکیں جنہیں نئی مہارتیں سیکھنے یا موجودہ صلاحیتیں بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ ان پالیسی اقدامات کی اصل کامیابی اس بات پر منحصر ہوگی کہ آیا ان پر عمل درآمد لیبر مارکیٹ کی مطلوبہ رفتار اور باہمی رابطہ کاری کے ساتھ کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔
ان مسائل کا سامنا دیگر ممالک کو بھی ہے
عالمی بینک کے مطابق یہ مسئلہ صرف پاکستان تک محدود نہیں، بلکہ مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقا، افغانستان اور پاکستان کے خطے میں بھی روزگار کے مواقع پیدا کرنا ایک بڑا چیلنج بن رہا ہے۔ ان علاقوں میں 2025 سے 2050 کے دوران کام کرنے کی عمر کی آبادی میں تقریباً 22 کروڑ، یعنی لگ بھگ 40 فیصد اضافے کا تخمینہ ہے، جس کے لیے آئندہ دو دہائیوں میں 10 کروڑ تک نئی ملازمتیں پیدا کرنا ہوں گی۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اعلیٰ مہارت رکھنے والے غیر ملکی کارکنوں کو بھرتی کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہو چکا ہے اور مصر و پاکستان سے بڑی تعداد میں ماہر افرادی قوت حاصل کر رہا ہے۔ مملکت کی آن لائن لیبر مارکیٹ میں 2021 سے 2023 کے دوران ملازمتوں کے اشتہارات میں 43 فیصد اضافہ ہوا۔
اگرچہ عالمی اور علاقائی رجحانات کے باعث 2024 میں ملازمتوں کے اشتہارات میں 25 فیصد کمی آئی، تاہم ان کی تعداد 2021 کی سطح سے زیادہ رہی، جب کہ 2025 کے وسط کے اعداد و شمار بھی طلب برقرار رہنے کی نشاندہی کرتے ہیں۔
