شائع
جنوبی کوریا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ الیکٹرانکس نے انسان نما روبوٹ کا پروٹوٹائپ تیار کرلیا ہے جسے جنوری 2027میں پہلی بار عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
سام سنگ اس وقت میموری چپس، ڈسپلے، اسمارٹ فونز، ٹیلی ویژن اور گھریلو برقی آلات بنانے والی بڑی عالمی کمپنیوں میں شامل ہے۔ انسان نما روبوٹس کی تیاری میں پیش رفت اس کی کاروباری حکمت عملی میں ایک نئی سمت کی نشاندہی کرتی ہے جس کا طویل مدتی مقصد صنعتی پیداوار کے ساتھ گھریلو استعمال کے لیے بھی روبوٹس تیار کرنا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق معاملے سے واقف ایک شخص نے بتایا کہ سام سنگ الیکٹرانکس نے گزشتہ ہفتے اپنے بورڈ کے سامنے انسان نما روبوٹ کے پروٹوٹائپ کا مظاہرہ کیاجبکہ کمپنی جنوری میں اسے دنیا کے سامنے پیش کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سام سنگ جنوری2027 میں امریکی شہر لاس ویگاس میں ہونے والے کنزیومر الیکٹرانکس شو میں اپنا انسان نما روبوٹ پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جہاں اسے چین کی یونٹری، امریکی کمپنی ٹیسلا اور ہنڈائی موٹر کی ذیلی کمپنی بوسٹن ڈائنامکس جیسے بڑے ناموں کا سامنا ہوگا۔
رائٹرز کے مطابق جمعرات کو سیئول میں سام سنگ کے روبوٹکس ریسرچ مرکز میں اس پروٹوٹائپ کا مظاہرہ کیا گیا جس میں کمپنی کے شریک چیف ایگزیکٹو ٹی ایم روہ نے بھی شرکت کی۔
اس مظاہرے میں روبوٹ کے پورے جسم کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت کے علاوہ اس کے بازوؤں اور ہاتھوں کے ذریعے مختلف اشیا اٹھانے اور انہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کی صلاحیت کا جائزہ لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سام سنگ کی خصوصی توجہ روبوٹ کے ہاتھوں کی حرکات اور اشیا کو مضبوطی اور درستگی کے ساتھ پکڑنے کی صلاحیت پر ہے۔
یہ انسان نما روبوٹس کے لیے ایک اہم تکنیکی چیلنج ہے کیونکہ فیکٹریوں میں کام کرنے کے لیے انہیں اشیا کو قابلِ اعتماد انداز میں پکڑنے، گھمانے اور درست جگہ پر رکھنے کے قابل ہونا ضروری ہے۔
سام سنگ کے روبوٹکس ایکسپرینس شعبے کے سربراہ کرس ہاؤزر نے ستمبر میں کہا تھا کہ اگر کوئی روبوٹ فیکٹری میں 99 فیصد کامیابی کے ساتھ کام کرتا ہے تو بھی فیکٹری مالکان اسے قبول نہیں کریں گے کیونکہ صنعتی استعمال کے لیے کامیابی کی شرح 99.99 فیصد تک ہونا ضروری ہے۔
سام سنگ نے رواں سال مارچ میں اعلان کیا تھا کہ اس کا ہدف 2030 تک اپنی فیکٹریوں کو مصنوعی ذہانت سے چلنے والے پیداواری مراکز میں تبدیل کرنا اور مینوفیکچرنگ کے عمل میں انسان نما روبوٹس متعارف کرانا ہے۔
کمپنی جنوبی کوریا کے جنوب مشرقی شہر گومی میں انسان نما روبوٹس کی تیاری کے لیے ایک پروڈکشن لائن قائم کرنے کا منصوبہ بھی رکھتی ہے جہاں سام سنگ کے اسمارٹ فونز کے کارخانے موجود ہیں۔
سام سنگ نے گزشتہ سال جولائی میں روبوٹکس ایکسپرینس یونٹ قائم کیا تھا جو براہِ راست شریک چیف ایگزیکٹو ٹی ایم روہ کو رپورٹ کرتا ہے۔
یہ شعبہ روبوٹکس کی تحقیق، ترقی، طویل مدتی حکمت عملی اور تجارتی بنیادوں پر روبوٹس متعارف کرانے کے معاملات کی نگرانی کرتا ہے۔
کمپنی کے امریکا، چین اور جاپان میں بھی روبوٹکس کے تحقیقی مراکز کام کررہے ہیں۔
سام سنگ نے رواں سال کے آغاز میں کہا تھا کہ روبوٹکس کے شعبے میں ترقی اور نئی ٹیکنالوجی کو تجارتی سطح پر متعارف کرانے کے لیے ضرورت پڑنے پر سرمایہ کاری اور دیگر کمپنیوں کے حصول پر بھی غور کیا جائے گا۔
اسی حکمت عملی کے تحت سام سنگ نے 2024 میں جنوبی کوریا کی روبوٹکس کمپنی رینبو روبوٹکس میں سب سے زیادہ حصص حاصل کیے تھے۔
