پاک فوج کے بعد سب سے زیادہ قربانیاں پولیس نے دی ہیں، آئی جی سندھ سید کلیم امام
پولیس کے موضوع پر بننے والی فلم دال چاول کے پریمیئر کے موقع پر ڈیفنس کے سینما ہال میں گفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ سید کلیم امام نے کہا ہے کہ پاک فوج کے بعد سب سے زیادہ قربانیاں پولیس نے دی ہیں، پولیس کے 7 ہزار ایسے افسران اور جوان ہیں جو گھروں سے نکلے لیکن واپس زندہ نہیں جاسکے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز پولیس کے موضوع پر بنی فلم ’’دال چاول‘‘ کے پریمیئر کے موقع پر کہی، فلم ڈی آئی جی اکبر ناصر نے پروڈیوس کی ہے جو کہ اس وقت پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے چیف آپریٹنگ آفیسر ہیں، فلم میں پولیس کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ پولیس کے مسائل بھی اجاگر کیے گئے ہیں، فلم میں تمام کاسٹ نوجوان اداکاروں پر مشتمل ہے۔ فلم کا پریمیئر اتوار کی شام ڈیفنس کے سنیما ہال میں ہوا، اس موقع پر آئی جی سندھ سید کلیم امام نے کہاکہ پاک فوج کے بعد سب سے زیادہ قربانیاں پولیس نے دی ہیں، پولیس کے 7 ہزار سے زائد افسران اور جوان جام شہادت نوش کر چکے ہیں یہ فلم پروڈیوس کرکے اکبر ناصر نے اچھا کام کیا ہے جس سے عام آدمی کو بھی پولیس کے مسائل سمجھنے میں آسانی ہو سکے گی۔ فلم کے ذریعے عوام میں پولیس کا امیج بہتر ہونے میں مدد ملے گی۔

