سیکریٹری لوکل گورنمنٹ روشن شیخ اور محسن شیخانی کے درمیان ملاقات میں غور و خوض، معاہدہ طے پا گیا
کراچی( کامرس رپورٹر) کراچی میں صفائی مہم کے سلسلے میں سندھ حکومت اور ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے درمیان طے پایا گیا ہے کہ آباد کے تمام ممبران اپنے تعمیر ہونے والے پروجیکٹس کے تعمیرات میٹریل کو سڑکوں پر رکھنے کے بجائے انہیں محفوظ بنائیں گے تاکہ اس شہر میں آلودگی نہ پھیل سکے اور ٹریفک کی روانی میں خلل نہ پڑے۔ تفصیلات کے مطابق سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سندھ روشن شیخ اور آباد کے چیئرمین محسن شیخانی کے درمیان سندھ سیکریٹریٹ میں تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں دونوں اداروں کے سربراہان نے غور و خوش کے بعد طے کیا کہ کراچی کو صاف اور مثالی میٹرو پولیٹن بنانے کیلئے ایس بی سی اے آباد اور کراچی بلدیہ کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے۔ کمیٹی کو کراچی میں تعمیر ہونیوالے منصوبوں کی منظوری کے اختیارتا حاصل ہیں اس کے علاوہ کمیٹی سروے کرکے متعلقہ اداروں کو کراچی میں ہونیوالی غیر قانونی تعمیرات سے بھی آگاہی دے گی۔

