English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اندھیر نگری چوپٹ راج : کراچی کی قیمتی زمینوں پر قائم پیٹرول پمپس کا کرایہ 30 روپے

یہ پیٹرول پمپس ایسے علاقوں میں قائم ہیں جہاں کوئی عام آدمی کرایہ پر جگہ لینے کا سوچ بھی نہیں سکتا، طارق بشیر چیمہ
ایک پیٹرول پمپ تو شارع فیصل پر ہے، کیا شارع فیصل پر کوئی 30 یا 35 روپے میں کسی جگہ کو ہاتھ لگانے بھی دے گا
پیٹرول پمپس کی لیز پر 1960 سے کوئی نظرثانی نہیں کی گئی، نظرثانی کی کوشش کی جاتی ہے تو حکم امتناع آجاتا ہے
سپریم کورٹ کے حکم پر قبضہ ختم کرانے کی کوشش کی گئی لیکن کامیابی نہیں ہوسکی، سینیٹ قائمہ کمیٹی میں انکشاف
ہم زبردستی نہیں چاہتے لیکن ان قیمتی زمینوں کو ہر صورت واگزار کرائیں گے، وفاقی وزیر ہائوسنگ
اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس طارق بشیر چیمہ نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس میں انکشاف کیا ہے کہ کراچی کے پوش علاقوں میں متعدد پیٹرول پمپ 30 سے 100 روپے کرایہ کے حساب سے لیز پر دیے گئے ہیں۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر میر کبیر شاہی کی صدارت میں ہوا۔ وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے بتایا کہ کراچی میں کئی قیمتی زمینوں پر غنڈوں کا قبضہ ہے، سپریم کورٹ کے حکم پر اس قبضے کو خالی کروانے کی کوشش کی گئی لیکن کامیابی نہیں ہوسکی۔ جب قبضہ چھڑانے کے لیے انتظامیہ کے لوگ گئے تو قابضین نے گھروں میں خواتین کو بند کرکے تالے لگائے اور کہاکہ اب اس پر بلڈوزر چلادیں، ہم زبردستی نہیں چاہتے لیکن ان قیمتی زمینوں کو ہر صورت واگزار کرائیں گے، اس کے لیے سندھ حکومت سے بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ کراچی کے پوش علاقوں میں متعدد پیٹرول پمپس لیز پر دیے گئے جن میں کوئی 30 تو کوئی 100 روپے کرایہ ادا کررہا ہے، یہ پیٹرول پمپس ایسے علاقوں میں ہیں جہاں کوئی عام شخص کرایہ پر جگہ لینے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ ایک پمپ تو شارع فیصل پر بھی قائم ہے، کیا شارع فیصل پر کوئی 30 یا 35 روپے میں کسی کو جگہ کو ہاتھ لگانے بھی دے گا؟ ان پیٹرول پمپس کی لیز پر 1960ء سے کوئی نظرثانی نہیں کی گئی، اس پر جب بھی نظرثانی کی کوشش کی جاتی ہے تو کوئی نہ کوئی حکم امتنازع لے آتا ہے۔ وفاقی وزیر نے ازراہ تفنن کہا اگر کوئی ایسا پیٹرول پمپ ہے جس کا کرایہ 30 یا 35 روپے ہے تو مجھے بھی دلوا دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے