
جس فیکٹری کے باہر یا ا س سے منسلک سڑک پر کچرا موجود پایا گیا تو وہ فیکٹری سیل کردی جائے گی ٗ سیکریٹری بلدیات کی وارننگ
صنعت کاروں کو چاہیے وہ اپنی فیکٹریوں کے باہر کوڑا دان رکھیں ٗ لوگوں کو سڑکوں پر کچرا پھینکنے سے گریز کرنا چاہیے ٗ سائٹ ایسوسی ایشن انڈسٹری اجلاس سے خطاب
کراچی( کامرس رپورٹر) سندھ حکومت نے کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی شروع کی گئی کچرے کو نہ کہہ دو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے صنعتکار برادری سے تعاون طلب کیا ہے اور ساتھ ہی تنبیہ کی ہے کہ جس فیکٹری کے باہر یا اس سے منسلک سڑک پر کچرا موجود پایا گیا تو وہ فیکٹری سیل (سربمہر) کردی جائیگی لہٰذا صنعتکاروں کو چاہئے کہ وہ اپنی فیکٹریوں کے باہر کوڑا دان رکھیں کیوں کہ سائٹ ایریا میں کئی صنعتیں اپنی فیکٹریوں کے باہر کچرا پھینک دیتی ہیں جبکہ لوگوں کو قانون پر عمل کرتے ہوئے سڑکوںپر کچرا پھینکنے سے گریز کرنا چاہئے۔ یہ بات سیکریٹری بلدیات سندھ روشن شیخ نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب میں کہی۔ اس موقع پر زبیر موتی والا‘ سلیمان چائولہ‘ سلیم پاریکھ‘ جاوید بلوانی‘ زبیر پرویز احمد‘ فیاض عالم سولنگی اور اظہار احمد بھی اجلاس میں شریک تھے۔