عالمی یوم مسکن (ورلڈ ہیبٹیٹ ڈے) پرمشیر وزیر اعلیٰ سندھ برائے قانون، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی مرتضیٰ وہاب نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سندھ حکومت کی پلاسٹک کی تھیلیوں پر لگائی گئی حالیہ پابندی پر عملدرآمد میں عوام حکومت کا ساتھ دیں، ان کا کہنا تھا کہ عوام کے تعاون کے بغیر کسی بھی پابندی پر کامیاب عملدرآمد ممکن نہیں۔ عوام ماحول کی بہتری کے لیے پلاسٹک کی تھیلیوں کا استعمال رضاکارانہ طور پرترک کردیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تھوڑی سے کوشش سے ہم کپڑے ،کاغذ اور قابل تلف پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال کے عادی ہوسکتے ہیں تاجر حضرات سے اس موقع پر صوبائی مشیر نے کہا کہ دکاندار حضرات بھی اس پابندی کو کھلے دل سے قبول کریں اور اپنے کسٹمرز کو بھی اس بات کی تلقین کریں، آخر میں انہوں نے عوام سے گزارش کی کہ مل جل کر ماحول کو زحمت دینے والی اپنی عادات ترک کریں اور اپنے ماحول کو آلودگی سے پاک کردیں۔
اپنے پیغام میں مرتضیٰ وہاب نے ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والے کارخانوں خصوصاً بیٹریاں پگھلانے اور ٹائر جلا کر ان میں سے تاریں نکالنے والوں کو متنبہ کیا کہ وہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی سے گریز کریں ۔ بصورت دیگر ان کے خلاف سیپا کی ٹیمیں کارروائی کریں گی۔
واضح رہے کہ ساری دنیا میں ہر سال اکتوبر کے پہلے پیر کو اقوام متحدہ کی جانب سے عالمی یوم مسکن (ورلڈ ہیبٹیٹ ڈے ) منایا جاتا ہے اس دن کو منانے کا مقصد شہروں اور دیہاتوں کے بارے میں عوامی شعور اجاگر کرنا ہے ۔ اس سال یوم مسکن کی تھیم ” کچرے کو دولت میں بدلنے کے لیے ٹیکنالوجی ایک جدید طریقہ ہے” رکھی گئی ہے۔
