ایم اے جناح روڈ پر بھوک ہڑتال صبح 10 سے شام 6 بجے تک جاری رہی، جمیل پراچہ، شرجیل گوپلانی، کاشف صابرانی، احمد شمسی، جاوید اقبال اور دیگر رہنما بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے تھے
حکومت کو اب بتائیں گے تاجروں کی طاقت کیا ہوتی ہے(جمیل پراچہ) چیئرمین ایف بی آر سے اب مذاکرات نہیں ہوں گے، شرجیل گوپلانی کا اعلان، شٹر ڈائون کی تیاریاں
ایف بی آر کے خلاف تاجروں کی جنگ مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی، تاجر اب کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، لاہور سے آئے ہوئے تاجر رہنما نعیم میر کا خطاب
کراچی (کامرس رپورٹر) کراچی کے تاجروں نے ایم اے جناح روڈ پر علامتی بھوک ہڑتال کرتے ہوئے سول نافرمانی کی دھمکی دے دی، 29 اور 30 اکتوبر کو بڑے شہروں میں شٹر ڈائون کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گرینڈ ٹریڈرز الانس میں شامل تاجروں نے ایف بی آر کے خلاف اسلام آباد میں احتجاج کے بعد دوسرے مرحلے میں احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ایم اے جناح روڈ پر ایک روزہ علامتی بھوک ہڑتال کی جو صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہی، اس موقع پر سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل پراچہ، نائب صدر کاشف صابرانی، آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کے چیئرمین شرجیل گوپلانی، آل تاجر اتحاد کے چیئرمین حکیم شاہ، انصار بیگ قادری، جاوید شمس دانیال، محمد ارشد، زبیر علی خان، محمد سعید، عبدالغنی میمن، زاہد مقصود، نعیم خان، سلیم میمن، سلیم راجپوت، اسماعیل لائلپوریہ، احمد شمسی سمیت کئی رہنمائوں نے شرکت کی۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری نعیم میر اور مال روڈ لاہور کے صدر سہیل انجم بٹ نے لاہور سے خصوصی طور پر بھوک ہڑتال میں شرکت کی۔ اس حوالے سے تاجر رہنما نعیم میر نے کہاکہ ایف بی آر کے خلاف تاجر برادری کی جنگ اب جاری رہے گی، تاجر برادری اب کسی بھی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی اور 29 اور 30 اکتوبر کو ملک بھر میں ہڑتال کرکے ثابت کر دیں گے کہ تاجر برادری کو شناختی کارڈ کی شرط سمیت دیگر ٹیکس کسی صورت میں قبول نہیں۔ ایف بی آر کی زیادتیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل پراچہ نے کہاکہ اب دمادم مست قلندر ہوگا، حکومت تاجروں کو سڑکوں پر لے آئی ہے اب ہم بتائیں گے تاجروں کی طاقت کیا ہوتی ہے۔ شرجیل گوپلانی نے کہاکہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سے اب مذاکرات نہیں ہوں گے، نیا چیئرمین لایا جائے۔ ملکی معیشت کی تباہی کا ذمہ دار ایف بی آر ہے۔ مطالبات کو تسلیم نہیں کیا گیا تو 5 نومبر سے سول نافرمانی کی تحریک کا آغاز کریں گے اور کاروبار غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیں گے۔ تاجر رہنما حکیم شاہ نے کہاکہ ڈاکومنٹ معیشت کے نام پر کرپشن کے دروازے کھولے جارہے ہیں ہر طرف بے روزگاری اور مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جب تک مطالبات مانے نہیں جاتے احتجاج جاری رہے گا۔ بھوک ہڑتالی کیمپ میں محمد سعید حنیفیہ، طاہر سربازی، عبداللہ بٹرا، خالد محمود، فیصل جان کبیر، عثمان، طیب صدیقی، رفیق جدون، رفیق، طارق ممتاز، شعیب فاروقی و دیگر موجود تھے۔

