
مڈل اور لوئر مڈل کلاس کے نوجوان انس حبیب کو اپنا رول ماڈل سمجھیں اور بہت محنت سے پڑھیں
اس بات کی خوشی ہے انس کے والد ایمپریس مارکیٹ میں اخبار فروش اور ماں ٹیوشن پڑھاتی ہیں، میڈیا سے گفتگو
کراچی( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ مڈل اور لوئر مڈل کلاس کے نوجوان انس حبیب کو اپنا رول ماڈل سمجھیں اور بہت محنت سے پڑھیں۔ بطور میئر کراچی مجھے بھی انس کے والدین کی طرح فخر ہے کہ میرے شہر کے لوئر مڈل کلاس کے نوجوان نے انٹر کامرس میں بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی، میں اس لئے ان کے گھر آیا کہ انس کے ساتھ اس کے والدین کو بھی مبارک باد دوں اور ان کی خوشی میں شامل ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی شام حسین آباد میں کراچی بورڈ سے انٹر کامرس میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے نوجوان انس حبیب کے گھر پر انس حبیب اور اہل خانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے انس حبیب، اس کے والد، والدہ اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کر کے مبارک باد دی۔میئر کراچی نے کہا کہ اس بات کی زیادہ خوشی ہے کہ انس کے والد ایمپریس مارکیٹ میں اخبار فروش ہیں اور ماں ٹیوشن پڑھاتی ہیں۔ انس مراعات یافتہ طبقے سے نہیں ایک چھوٹے سے فلیٹ میں رہائش پذیر ہے جہاں وہ سہولیات نہیں ہیں جو بڑے اور صاحب حیثیت افراد کے بچوں کو حاصل ہوتی ہیں۔ اس کے باوجود اس نے ماں باپ کا نام روشن کیا بلکہ کراچی اور پاکستان کے لوئر مڈل اور مڈل کلاس کے نوجوانوں کو یہ حوصلہ اور پیغام دیا کہ محنت اور لگن کا راستہ کوئی بھی چیز نہیں روک سکتی اور نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ محنت کرنی چاہئے تو ان کے لئے آسانیاں ہیں کامیابی ان کے ہاتھ میں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بچے نے ماں باپ کی محنت کو ضائع نہیں کیا اس کو میری جہاں بھی ضرورت ہو گی میں ضرورت پوری کروں گا اور مثبت سرگرمی میں اس کے ساتھ تعاون اور سرپرستی کی جائے گی۔ میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے نوجوانوں کو سی ایس ایس سمیت ہر مقابلے کے امتحان میں حصہ لینا چاہیے۔میرے شہر کے نوجوان بہت باصلاحیت اور مقابلے کے امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں خصوصا مڈل اور لوئر مڈل کلاس کے نوجوانوں کو پیغام ہے کہ وہ مقابلے کے امتحان میں ضرور شریک ہوں۔ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ میں پی سی بی کے فیصلے کو مسترد کرتا ہوں غلطیاں ہر جگہ ہوتی ہیں سارا ملبہ سرفراز پر ڈال کر قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے فارغ کرنا مناسب فیصلہ نہیں ہے۔ اس موقع پرانس حبیب نے کہا کہ میں اپنے تمام دوستوں اور نوجونواں سے کہتا ہوں کہ ماں باپ کی خوشیوں کو پورا کرنے کے لئے اپنی خوشیوں کو قربان کریں ماں باپ خوش ہو گئے تو دنیا بھی اور آخرت بھی سب سنور جائے گی اس کے لئے بہت محنت کی ضرورت ہے۔