بھارت کی جانب سے ایل او سی پر بلاجواز فائرنگ کی گئی جس سے پاک فوج کا ایک جوان اور 5 شہری شہید ہوئے، پاک فوج کی جانب سے منہ توڑ جواب دیا گیا، دو بھارتی بنکرز بھی تباہ کردیئے
بھارتی فوج کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر ہمیشہ بھرپور جواب ملے گا، بھارت نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، ترجمان پاک فوج
انڈین آرمی نے اپنے فوجیوں کی لاشیں اٹھانے کیلئے سفید جھنڈا لہرادیا، اشتعال انگیزی سے پہلے بھارتی فوج کو عسکری آداب کا خیال کرنا چاہئے تھا، آصف غفور
بھارتی سیکورٹی فورسز کو منہ توڑ جواب دینے پر وزیر اعظم عمران خان کا پاک فوج کو سلام، ایل او سی پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی فاشست مودی حکومت نے کنٹرول لائن پر جنگ چھیڑ دی۔ بلا اشتعال فائرنگ کرکے پاکستان کے ایک فوجی جوان اور پانچ شہریوں کو شہید کردیا۔ پاک فوج نے جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارت کے9فوجیوں کو واصل جہنم کردیا بھارتی بنکرز بھی تباہ کردیئے‘ بھارتی فوج کو اپنے ساتھیوں کی لاشیں اٹھانے کیلئے سفید جھنڈے لہرانا پڑا۔ وزیراعظم عمران خان کا پاک فوج کو سلام‘ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے بھارتی سیکورٹی فورسز کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے ایل اوسی پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی اور شہداکے درجات کی بلندی کیلئے دعابھی کی ہے۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ہے۔علاوہ ازیں ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ بھارتی فوج اپنے فوجیوں کی لاشیں اٹھانے اور زخمیوں کو لے جانے کی کوشش کر رہی ہے جس میں انہیں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرا دیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی فوج کو بلا اشتعال فائرنگ کرنے سے پہلے سوچنا چاہئے تھا۔بھارتی فوج کو عسکری آداب کا احترام کرتے ہوئے شہری آبادیوں کو نشانہ نہیں بنانا چاہئے تھا۔انہوں نے کہا بھارتی فوج کو اشتعال انگیزی کی بھاری قیمت چکانی ہو گی۔پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کئے گئے بیان کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے جوڑا، شاہ کوٹ اور نوسہری سیکٹرز میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال شدید فائرنگ کی جس پر پاک فوج نے بھی موثر جواب دیا۔فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی اور 5 شہری شہید جب کہ 2 سپاہی اور 3 شہری زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں ہر ممکن طبی سہولت مہیا کی جارہی ہے۔ پاک فوج کے منہ توڑ جواب پر بھارتی فوج کے 9 سپاہی ہلاک اور دشمن کے 2 بنکرز تباہ کردیئے گئے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی فوج نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارت دہشت گردوں کے مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنانے کا جھوٹ چھپانے کے لیے معصوم شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے۔میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا ہمیشہ بھرپور جواب ملے گا۔ پاک فوج لائن آف کنٹرول کے ساتھ وہاں آباد شہریوں کی مکمل حفاظت کرے گی اور بھارتی فوج کو اپنے اقدام پر بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

