English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اراکین کونسل نے ڈسٹرکٹ چیئرمین کیخلاف محاذ کھڑا کردیا

بلدیہ ضلع غربی کی قیادت نے کروڑوں مالیت کے ٹینڈرز جاری کرنے سے پہلے انہیں اعتماد میں نہیں لیا
کنٹریکٹرز کو واجبات ادا کرنے کے بجائے اپنی پارٹی کے لوگوں کو نوازا، سیکریٹری بلدیات کو مراسلہ روانہ
کراچی ( وقائع نگار خصوصی) مالی بحران کے شکار بلدیہ غربی میں کروڑوں روپے مالیت کے ٹینڈرز جاری کرنے سے قبل اراکین کونسل کو اعتماد میں نہ لینے پر ارکان کونسل نے ڈسٹرک چیئرمین کے خلاف محاذ کھڑا کر دیا ان ارکان کا کہنا ہے کہ پہلے سے کروڑوں روپے کی مقروض بلدیہ غربی کی قیادت نے ٹینڈرز جاری کرنے سے پہلے انہیں اعتماد میں لینے کی زحمت بھی گوارا نہیں کی انہیں نظر انداز کرکے ڈسٹرک چیئر مین نے ٹینڈرز کی آڑ میں اپنی پارٹی کے لوگوں کو نوازا اور عوام میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ منتخب نمائندے ان کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں جبکہ ان کی پارٹی کے لوگ عوامی مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں یہ پالیسی آئندہ الیکشن جیتنے کیلئے اپنائی جارہی ہے ارکان کونسل نے اس ضمن میں سیکرٹری بلدیات کو ایک مراسلہ بھی روانہ کیا ہے ان ارکان میں مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی ۔ اے این پی اور جے یو آئی کے نمائندے شامل ہیں یونین کونسل 37کے وائس چیئر مین رانا محمد منشاء کے لیٹر پیڈ پر لکھے گئے لیٹر پر دیگر ارکان کونسل عبدالعزیز ، ذکیہ خاتون‘ سعید اقبال ، طارق علی خان ، عبدالودود، عبدالرحمن و دیگر کے دستخط موجود ہیں ۔ اس خط میں کہا گیا ہے کہ کروڑوں روپے مالیت کے ٹینڈرز جاری کرکے چیئرمین من پسند لوگوں کو نوازنا چاہتے ہیں بلدیہ غربی جو پہلے ہی مقروض ہے اس کے باوجود ٹینڈرز جاری کرنا بلدیہ غربی کو مزید مالی بحران سے دوچار کرنے کی سازش ہے چیئرمین بلدیہ غربی سے پوچھا جائے کہ کنٹریکٹرز کو واجبات ادا کرنے کے بجائے کروڑوں روپے مالیت کے ٹینڈرز کیسے جاری کئے گئے لہذا اس کی تحقیقات کرائی جائیں واضح رہے کہ بلدیہ غربی نے ماہ رواں میں کروڑوں روپے کے ٹینڈرز جاری کئے جس میں نکاسی و فراہمی آب کی اسکیمیں بھی شامل ہیں حالانکہ یہ کام واٹر بورڈ کے دائرہ اختیار میں ہے ڈی ایم سی کا ان کاموں سے کوئی تعلق نہیں ان ارکان نے عندیہ دیا ہے کہ وہ اس ضمن میں چیئر مین انٹی کرپشن کو بھی لیٹر لکھیں گئے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے