English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سیاسی مقاصد کیلئے اہم اداروں کو توڑنے اور کمزور کرنے کی روش بدلنا ہوگی میئر کراچی

بلدیاتی اداروں کو بااختیار اور مضبوط بنائے بغیر ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل نہیں کی جاسکتی، شہری مسائل کے حل میں غفلت اور لاپرواہی نے انفراسٹرکچر کو تباہ کردیا
درست فیصلے کئے جاتے تو آج اس صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑتا، شہری کی بہتری کیلئے تمام اداروں سے مشاورت کے لئے تیار ہیں، این آئی ایم میں افسران سے خطاب
کراچی (وقائع نگار )میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سیاسی مقاصد کے لئے اہم اداروں کو توڑنے اور کمزور کرنے کی روش بدلنا ہوگی، بلدیاتی اداروں کو بااختیار اور مضبوط بنائے بغیر ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل نہیں کی جاسکتی، شہری مسائل کے حل میں غفلت اور لاپرواہی نے بنیادی انفرا اسٹرکچر تباہ کردیا، درست فیصلے کئے جاتے تو آج اس صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑتا، شہر کی بہتری کے لئے تمام اداروں سے مشاورت کے لئے تیار ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ (NIM) میںملک کے مختلف شہروں سے سینئر مینجمنٹ کورس میں شرکت کرنے والے افسران پر مشتمل ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس نے بدھ کی صبح عبدالحسیب کی قیادت میں میئر کراچی سے ملاقات کی اور بلدیاتی نظام اور شہری مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، میئر کراچی وسیم اختر نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سول سروسز افسران خود کو سیاسی دبائو سے آزاد رکھ کر ملک کی بہتری کے لئے کام کریں، وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے شہر کو اون کریں اور اس کے حق کے لئے ہر سطح پر آواز اٹھائیں، بلدیاتی ادارے ہی جمہوریت کی بنیادی نرسری ہیں اور شہری مسائل کے دیرپا اور پائیدار حل کی اہلیت بھی انہی کے پاس ہے جبکہ صوبائی حکومت کا کام صرف قانون سازی ہے، بہتر نتائج کے لئے اختیارات نچلی سطح پرمنتقل ہونے چاہئیں، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی محدود وسائل کے باوجود 3 کروڑ سے زائد آبادی کے شہر کو بنیادی شہری سہولیات فراہم کر رہی ہے تاہم اسے مشکلات کا سامنا ہے ، سپریم کورٹ کی ہدایات پر بلدیاتی انتخابات کرادیئے گئے مگر اختیار نہیں دیا گیا جبکہ دنیا بھر میں شہریوں کے بنیادی مسائل کے فوری حل کے لئے بلدیاتی اداروں کو مستحکم بنایا گیا ہے جب تک وسائل نہیں ملتے شہری مسائل کو مکمل طور پر حل نہیں کیا جاسکتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے