حکومت سے کسی بھی قسم کے ریلیف کا طلبگار نہیں اپنا معاملہ اللہ تعالیٰ پہ چھوڑ دیا ہے‘سابق وزیراعظم
شہباز شریف اور خواجہ آصف سمیت اہم پارٹی رہنماؤں کی نواز شریف کو آمادہ کرنے کی کوشش ‘ ذرائع
لاہور (مانیٹرگ ڈیسک) نواز شریف نے علاج کے لیے بیرون ملک جانے سے انکار کردیا ہے۔ میاں شہباز شریف نے آج نواز شریف سے ملاقات کی جس کے بعد ن لیگی ذرائع نے کہا ہے کہ وہ حکومت سے کسی بھی قسم کے ریلیف کے طلبگار نہیں ہیں اور انہوں نے اپنا معاملہ اللہ تعالیٰ پہ چھوڑ دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف اور خواجہ آصف سمیت پارٹی کے اہم رہنماؤں نے نواز شریف کو اس بات پر آمادہ کرنے کی کوشش کی کہ وہ علاج کے لیے بیرون ملک جانے پہ رضامند ہوجائیں لیکن طویل مشاورت کے باوجود وہ سابق وزیراعظم سے اپنی بات نہیں منوا سکے ہیں اور نواز شریف نے بیرونِ ملک جانے سے انکار کردیا ہے۔ن لیگ کے ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنا معاملہ اللہ تعالیٰ پہ چھوڑ دیا ہے۔انہوں نے اپنے چھوٹے بھائی سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں سے کہا کہ وہ حکومت سے کسی بھی قسم کے ریلیف کے طلبگار نہیں ہیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ وہ عدالت میں قانونی جنگ لڑتے رہیں گے۔ سابق وزیر دفاع اور پی ایم ایل (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بیرون ملک جانے یا نہ جانے کا فیصلہ نواز شریف اور ان کا خاندان ہی کرسکتا ہے۔

