سوئی سدرن گیس نے عباسی اسپتال ٗ سندھ گورنمنٹ اسپتال ٗ نارتھ ناظم آباد اور سول سرجن سروسز اسپتال کو سپلائی منقطع کردی
گیس کی سپلا ئی بند ہونے سے سرکاری اسپتالوں میں زیر علاج ہزاروں مریضوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہوگئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سوئی سدرن گیس نے بڑے نادہندگان سرکاری اداروں کے خلاف کریک ڈائون کا آغاز کردیا، ایس ایس جی سی نے گزشتہ روز عباسی شہید اسپتال، سندھ گورنمنٹ اسپتال نارتھ ناظم آباد، سول سرجن سروسز اسپتال کراچی کے ٹراما سینٹر و دیگر سرکاری نادہندگان اداروں کی گیس سپلائی منقطع کردی، ایس ایس جی سی کے ترجمان نے کہاکہ عباسی شہید اسپتال کئی سالوں سے قابل ادا واجبات جوکہ دو کروڑ روپوں سے زائد ہے جمع نہیں کرا رہا تھا جس کی بناء پر ایس ایس جی سی نے ان کی گیس سپلائی منقطع کردی۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے سرکاری اسپتالوں کو گیس کی فراہمی منقطع کیے جانے کی وجہ سے ہزاروں مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، سوئی سدرن گیس کمپنی نے بدھ کو کئی سرکاری اسپتالوں کو گیس کی فراہمی منقطع کردی جس کی وجہ سے اسپتال انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں، عباسی شہید اسپتال میں چائلڈ ایمرجنسی سینٹر، ٹراما کے آپریشن تھیٹر، آئی سی یو میں گیس بند ہونے سے مریضوں کی زندگیاں دائو پر لگ گئیں انتظامیہ نے فوری طور پر ایل پی جی سلنڈرز کا بندوبست کرکے صورتحال کو قابو سے باہر ہونے سے بچا لیا۔ اچانک گیس بند کیے جانے کی وجہ سے سرجری کے آلات کی اسٹرلائزیشن کا عمل متاثر ہونے کا خطرہ تھا، فوری طور پر ایل پی جی سلنڈر کا انتظام کرکے گیس اوون کو ایل پی جی سے چلایا گیا تاکہ جراحی کے آلات کی اسٹرلائزیشن کے عمل میں کوئی خلل نہ پڑ سکے اسپتالوں میں گیس کی عدم فراہمی کی وجہ سے مریضوں کے بستروں کی چادریں، غلاف اور لباس کی دھلائی کا کام بھی معطل ہو کر رہ گیا جس سے سرکاری اسپتالوں میں آلودگی پھیلنے کا خطرہ ہے۔
