انسانوں کا سیلاب ایوانوں کے کچرے کو اپنے ساتھ بہا کر لے جائے گا ٗ جبرکی بنیاد پر حکومت نہیں کی جاسکتی
سب جانتے ہیں حکمرانوں نے کشمیر کا سودا کرکے مسئلہ گھمبیر کردیا ٗ جے یو آئی کے سربراہ کا آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب
سکھر(مانیٹرنگ ڈیسک)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ انسانوں کا سیلاب ایوانوں کے کچرے کواپنے ساتھ بہا کرلے جائے گا۔سکھر میں آزادی مارچ کے دوسرے مرحلے پر ملتان روانگی سے قبل اپنے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سب جانتے ہیں حکمرانوں نے کشمیر کا سودا کرلیا ہے، انہوں نے کشمیرکا مسئلہ گمبھیرکردیا ہے۔ یہ پاکستان کی نمائندہ حکومت نہیں ہے،ہم پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، سیاسی جنگ کا طبل جنگ بج چکا ہے، جبر کی بنیاد پر عوام پر حکومت نہیں کی جا سکتی، تمام سیاسی جماعتیں ملک پر جبر محسوس کر رہی ہیں، ملک کی معیشت تباہ ہو چکی ہے اور یہ ملک کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔ حکمران ملک کی کشتی کوڈبورہے ہیں جسے عوام کو بچانا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کے وجود اور آئین کو خطرہ ہے، آئین پاکستان کو دیباچہ اور بچوں کا کھیل بنا دیا گیا ہے، ہم آئین ،جمہوریت اور اسلام کیلئے نکلے ہیں، ہم ملک میں جمہوریت کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں، ہمیں سیاسی جنگ لڑنی ہے، عوام اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے تاکہ قوم کو ظالموں سے نجات مل سکے ،آج انسانوں کا سیلاب اسلام آباد کی طرف جا رہا ہے، یہ طوفان ایوانوں کے کچرے کو اپنے ساتھ بہا کر لے جائے گا۔

