English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

٭ سانحہ تیز گام ٭ قیوم آباد کے 4 رہائشی بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل

حادثے میں جاں بحق ہونے والے 20 افراد میرپور خاص کے رہائشی تھے، 19 زخمی بھی ہوئے
حیدرآباد،نواب شاہ، ٹنڈو محمد خان، ماتلی، مہراب پور اور روہڑی کے رہائشی بھی جاں بحق ہوئے
جاں بحق مسافروں کے گھروں میں کہرام مچ گیا، میتیں لانے کیلئے رابطے شروع کردیئے
مرنے والے اللہ کی راہ میں نکلے تھے، وہ تو شہید ہوئے ہیں، لواحقین کے تاثرات
کراچی/میرپورخاص/کنری (مانیٹرنگ ڈیسک) تیزگام ایکسپریس حادثے میں جاں بحق ہونے والے 20 سے زائد مسافروں کا تعلق میرپورخاص سے تھا، 19 زخمی مسافر بھی میرپورخاص کے رہائشی نکلے، کراچی کے علاقے قیوم آباد کے 4 افراد مرنے والوں میں شامل ہیں، شہر قائد کے ہی 5 افراد زخمی بھی ہوئے۔ مرنے والوں میں حیدرآباد، نوابشاہ، میرپورخاص، ٹنڈو محمد خان، ماتلی، مہراب پور، روہڑی کے رہائشی بھی شامل ہیں جاں بحق مسافروں کے گھروں تک حادثے کی خبر پہنچی تو کہرام مچ گیا۔ لوگوں نے اپنے پیاروں کی میتیں لانے کے لیے رابطے شروع کر دیے اور رحیم یار خان کی جانب روانہ ہو گئے، مزید یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ متاثرہ 3 بوگیوں میں مسافروں کی تعداد 613 تھی حادثات کا شکار ہونے والی دو بوگیاں میرپورخاص سے بکنگ کرانے والوں کی تھیں۔ علاوہ ازیں آتشزدگی کا شکار ہونے والی تیزگام میں میرپورخاص اور اردگرد کے علاقوں کے 200 مسافر سوار تھے جو تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لیے جارہے تھے، تبلیغی مرکز اور ضلعی انتظامیہ سے ملنے والی معلومات کے مطابق بوگی نمبر 12 میں میرپورخاص کے 77، کنری کے 10 مسافر سوار تھے جن میں سے اب تک میرپورخاص کے قاری مقبول احمد، مولوی ہارون، نوید، شریف آرائیں، محبوب احمد، بلال احمد، محمد معاذ، محمد سلیم، معاویہ، وقار علی مری، حسین مری، ندیم، مولوی محمد عمر، یاسر آرائیں، آفتاب احمد، محمد نواز، عبداللطیف سمیت 16 افراد کے شہید ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 20 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ میرپورخاص سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد لاپتا ہے۔ حادثے کا شکار افراد کے ورثا نے کہا ہے کہ مرنے والے اللہ کی راہ میں نکلے تھے وہ شہید ہوئے ہیں، اللہ انہیں جوار رحمت میں جگہ دے۔ ادھر میرپورخاص میں بلدیہ مارکیٹ مکمل طور پر بند کر دی گئی، شہید ہونے والے میرپورخاص کے ایک مسافر وقار مری کی نماز جنازہ آج مری ہائوس میرپورخاص میں ادا کی جائے گی، لیاقت پور سے ورثا میت لے کر میرپورخاص کے لیے روانہ ہو چکے تھے رات گئے پی ٹی آئی کے رہنما ایم پی اے حلیم عادل شیخ میرپورخاص پہنچے اور بسم اللہ مسجد میں ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء سے ملاقاتیں کیں، میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ تیزگام ایکسپریس کا سانحہ ناقابل فراموش ہے وزیراعظم کی جانب سے واقعہ کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دی جاچکی ہے، ذمے داران کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی۔ ناقابل شناخت لاشوں کو ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے شناخت کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے