خیراتی اداروں،پروموٹرز،اور فنڈ ریزنگ مہم کو رجسٹرڈ کرانا ہوگااور ذرائع آمدن بتانا ہونگے‘ تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ ہوگی
50ہزارروپے سے زائد ملنے والے عطیات بینک میں جمع کروانا ہوںگے‘خلاف ورزی پر10لاکھ تک جرمانہ ہوسکے گا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) چندہ، عطیات،خیرات لینے اور دینے والوں کیلئے نیا قانونی مسودہ تیار کرلیا گیا ، جس کے تحت خیراتی اداروں،پروموٹرز،اور فنڈ ریزنگ مہم کو رجسٹرڈ کرانا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق خیراتی اداروں کی آڑمیں سیاسی مقاصداورمجرمانہ سرگرمیوں کیخلاف اقدام اٹھاتے ہوئے چندہ،عطیات،خیرات لینے اوردینے والوں کیلئے نیا قانونی مسودہ تیار کرلیا گیا، جس کے بعد سندھ ایف اے ٹی ایف سفارشات پرقانون سازی کرنیوالاپہلاصوبہ بن گیا ہے۔مسودے میں کہا گیا ہے کہ خیراتی اداروں،پروموٹرز،اور فنڈ ریزنگ مہم کورجسٹرڈکراناہوگا اور چندہ ،عطیات دینے والوں کوذرائع آمدن بتانا ہوں گے جبکہ خیراتی ادارے کو چندہ جمع کرنے کے مقاصد پیشگی واضح کرنا ہوں گے۔مسودے کے مطابق سندھ چیرٹی کمیشن اور چیریٹی رجسٹریشن اتھارٹی قائم کی جائے گی، خیراتی ادارہ تمام مالی حسابات کا مفصل ریکارڈ رکھنے کا پابند ہوگا۔قانونی مسودے میں کہا گیا خیرات، عطیات، چندہ کاروبار، سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں ہوگا، خیراتی ادارے کی تمام مالی، سماجی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ ہوگی، سندھ چیریٹی کمیشن قانون کی خلاف ورزی پر رجسٹریشن منسوخی کا مجاز ہوگا۔مسودے کے مطابق 50ہزار روپے سے زائد ملنے والی عطیات بینک میں جمع کرانا ہوں گے اور خلاف ورزی پرخیراتی اداروں،ٹرسٹیز پر10لاکھ تک جرمانہ ہوسکے گا۔

