پہلے دن سے ہی ہمارا مؤقف تھا کہ ہم دھرنے میں شرکت نہیں کریں گے
کور کمیٹی نے کہا تو پیپلزپارٹی بھی دھرنے میں حصہ لے گی، میڈیا سے گفتگو
بہاولپور (مانیٹرنگ ڈیسک ) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جمیعتِ علمااسلام ف کے دھرنے میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ بلاول بھٹو نے بہاولپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے دن سے ہی ہمارا مؤقف تھا کہ ہم دھرنے میں شرکت نہیں کریں گے البتہ کورکمیٹی نے کہا تو پیپلزپارٹی بھی دھرنے میں حصہ لے گی۔سانحہ تیزگام پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ یہ بہت بڑا حادثہ ہے، عمران خان حادثات پر استعفوں کی بات کیا کرتے تھے، امید ہے وزیراعظم اپنے وعدے کو پورا کریں گے اور شیخ رشید کے دور میں ریلوے میں سب سے زیادہ حادثے ہوئے، وزیر ریلوے کو فی الفور استعفیٰ دینا چاہیے جب کہ حادثے کی تحقیقات ہونی چاہیں، امید ہے حکومت متاثرین کے مطالبات کو پورا کرے گی۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کشمیر پر تاریخی حملہ ہوا ہے، عوام سمجھ رہے ہیں کشمیر پر سودا ہو گیا ہے، حکومت کو اپنی پالیسی واضح کرنی چاہیے، حکومت کو اپنی خارجہ پالیسی پر غور کرنا چاہیے، وزیراعظم کشمیریوں کے وکیل کا دعوی کرتے ہیں اور کرتار پور راہداری بھی کھول رہے ہیں۔

