سروے میں 54 فیصد لوگوں نے وزیراعظم عمران خان کے حق میں اپنی رائے دی
63 فیصد کی رائے میں مولانا فضل الرحمن کا دھرنا حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا
24 فیصد کی رائے میں مولانا کا دھرنا حکومت کیلئے نقصان دہ ثابت ہوگا‘سروے
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) عوام کی اکثریت نے مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کو اپوزیشن کی کرپشن بچانے کی مہم قرار دے دیا، نجی ادارے کی جانب سے کروائے گئے سروے میں 54 فیصد لوگوں نے جے یو آئی ف کے دھرنے کی مخالفت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے موجودہ کشیدہ سیاسی حالات میں ایک نجی ادارے آئی پی او آر کی جانب سے سیاسی لیڈروں کی مقبولیت جاننے کیلئے عوامی رائے ہر مبنی سروے کروایا گیا ہے۔اس سروے میں خاص کر وزیراعظم عمران خان اور مولانا فضل الرحمان کی حمایت سے متعلق سوال کیا گیا۔ سروے میں عوام کی واضح اکثریت نے وزیراعظم عمران خان کے حق میں اپنی رائے کا اظہار کیا جبکہ مولانا فضل الرحمان کو زیادہ لوگوں کی حمایت حاصل نہ ہو سکی۔ سروے میں 54 فیصد لوگوں نے وزیراعظم عمران خان کے حق میں اپنی رائے دی اور ان کا ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور جے یو آئی ف کے دھرنے کو غلط قرار دیا۔جبکہ صرف 21 فیصد لوگوں نے وزیراعظم کیخلاف اور مولانا فضل الرحمان کے حق میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔ سروے میں 63 فیصد لوگوں نے کہا کہ ان کی رائے میں مولانا فضل الرحمان کا دھرنا حکومت کو کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ جبکہ 24 فیصد کی رائے میں مولانا کا دھرنا حکومت کیلئے نقصان دہ ثابت ہوگا۔ سروے میں کیے گئے ایک اور سوال کے جواب میں 46 فیصد لوگوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک حکومت کی بری کارکردگی کیخلاف نہیں بلکہ اپنی کرپشن کے بچاو کی تحریک ہے۔جبکہ 33 فیصد کی رائے میں اپوزیشن حکومت کی بری کارکردگی کیخلاف تحریک چلا رہی ہے۔

