حکومت اور رہبر کمیٹی کی تجاویز پر معاہدہ تشکیل دئیے جانے کا امکان
حکومت کی جانب سے معاہدے میں مولانافضل الرحمان کو اعلیٰ سطح کی ٹھوس ضمانت دینے کی پیشکش کی گئی ہے
چوہدری پرویز الہی کی فضل الرحمان سے ملاقات‘ حکومتی ٹیم سے مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی‘ذرائع
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چودھری پرویز الہیٰ کی بھی جے یو آئی سربراہ سے ملاقات، دھرنے کا مستقبل کیا ہوگا؟ عوام کو حتمی فیصلے کا انتظار ہے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے جس کے بعد حکومت اور رہبر کمیٹی کی تجاویز کی روشنی میں ایک معاہدہ تشکیل دئیے جانے کا امکان ہے۔بدھ کی شام اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق چوہدری برادران کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتوں میں حکومت اور رہبر کمیٹی کی تجاویز کی روشنی میں ایک معاہدہ تشکیل دئیے جانے پر گفتگو ہوئی۔حکومت کی جانب سے معاہدے میں مولانا فضل الرحمان کو اعلیٰ سطح کی ٹھوس ضمانت دینے کی پیشکش کی گئی ہے جس کا مولانا فضل الرحمان کی جانب سے مثبت جواب دیا گیا ہے۔جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی لیکن امید ہے کہ چوہدری برادران مولانا فضل الرحمان کو قائل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

