English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی والوں کو مضر صحت گوشت کھلانے والے قصابوں کیخلاف بڑی کارروائی

کے ایم سی کے محکمہ ویٹنری نے بنارس، مومن آباد، اردو چوک اور صابری چوک کی گوشت مارکیٹ سے 2 ہزار کلو زائد المیعاد اور پریشر والا گوشت ضبط کرلیا
ایک قصاب فرار، مقدمہ درج، مضر صحت گوشت کو بریانی فروش، شادی بیاہ کی تقریبات اور شہریوں کو فروخت کیا جاتا ہے، ڈائریکٹر ویٹنری جمیل فاروقی کی گفتگو
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن( کے ایم سی) کے محکمہ ویٹنری نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے زائد المیعاد اور مضر صحت گوشت ضبط کرلیا اور مضر گوشت فروخت کرنے والوں کیخلاف تھانہ مومن آباد میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی والوں کو مضر صحت گوشت کھلانے والوں کیخلاف بڑی کارروائی کی گئی ۔ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے محکمہ ویٹنری نے آپریشن ڈسٹرکٹ میں فروخت کیا جانیوالا زائد المیعاد اور مضر گوشت ضبط کرلیا ۔ ڈائریکٹر ویٹنری جمیل فاروقی کی سربراہی میں بنارس مارکیٹ‘ مومن آباد‘ اردو چوک اور صابری چوک کی گوشت مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے دو ہزار کلو زائد المیعاد اور پریشر والا گوشت ضبط کرلیا گیا۔ اس دوران گوشت فروخت کرنے والے قصاب فرار ہوگئے۔ آپریشن میں پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔ ڈائریکٹر ویٹنری نے بتایا کہ مضر صحت گوشت کو بریانی فروش‘ شادی بیاہ کی تقریبات اور شہریوں کو فروخت کیا جاتا تھا۔ ضبط کئے گئے دو ہزار کلو گوشت کو تلف کردیا گیا ہے اور سرکار کی مدعیت میں مضر صحت گوشت فروخت کرنے والوں کیخلاف مومن آباد تھانے میں ایف آئی آر بھی درج کرلی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے