English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نواز شریف لندن چلے گئے، دھرنے ختم ، جلسے ہونگے

لاہور: قطر ائر ایمبولینس رن وے پر اڑان بھرنے کے لیے تیار ہے ۔چھوٹی تصاویر نواز شریف کی روانگی اور طیارے میں سوار ہونے کے بعد کی ہیں

لندن/لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک+نمائندہ جسارت)سابق وزیراعظم نواز شریف ائر ایمیولینس کے ذریعے لندن پہنچ گئے۔ دوران سفر انہوں نے قطر کے دارالحکومت دوحا میں ڈیڑھ گھنٹہ قیام کیا جہاں طیارے کی ری فیولنگ کی جبکہ سابق وزیراعظم کا رائل ٹرمینل لاؤنج میں طبی معائنہ بھی کیا گیا۔نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بتایاہے کہ ائر ایمبولینس لندن کے ہیتھرو ائرپورٹ پرلندن بحفاظت لینڈ کر گئی ہے۔ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق نواز شریف کو سفر کے دوران کوئی طبی پیچیدگی نہیں ہوئی۔ قبل ازیں نواز شریف لاہور ائرپورٹ جانے کے لیے سخت سیکورٹی میں جاتی امرا سے روانہ ہوئے۔ اس موقع پر ان کی رہائش گاہ کے باہر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ جنہوں نے اپنے قائد کے حق میں نعرہ بازی کی اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ ائرپورٹ پہنچنے کے بعد امیگریشن کی کارروائی مکمل کی گئی جس کے بعد نواز شریف کا ایر ایمبولینس میں طبی معائنہ کیا گیا۔ ائر ایمبولینس نے تقریباً ساڑھے 10 بجے علامہ اقبال ائرپورٹ سے اڑان بھری۔ ائر ایمبولینس میں کل 5 افراد روانہ ہوئے جن میں نواز شریف، شہباز شریف، ڈاکٹر عدنان اور 2ملازمین عابد اللہ جان اور محمد عرفان شامل تھے۔ہارلے اسٹریٹ کلینک میں علاج کے انتظامات مکمل کرلیے گئے تھے اور نوازشریف کے میڈیکل رپورٹس برطانوی ڈاکٹروں کے حوالے کردی گئیں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اپنے صاحبزادے حسن نواز کی رہائش گاہ پر ابتدائی طور پر قیام کریں گے، نواز شریف کے لیے طبی سہولیات سے آراستہ ایک کمرہ مخصوص کیا گیا ہے جس میں ضروری طبی آلات نصب کرنے کا عمل گزشتہ ہفتے سے جاری تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہارلے اسٹریٹ کی نجی کلینک میں پلیٹ لیٹس کے ماہرین نواز شریف کا معائنہ کریں گے، نواز شریف کے علاج کے لیے امریکا میں طبی ماہرین سے بھی مشاورت کا عمل جاری ہے، لندن میں طبیعت بہتر نہ ہونے پر نواز شریف کو فوری طور پر امریکا منتقل کیا جائے گا۔
اسلام آباد( نمائندہ جسارت)اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی نے ملک بھر میں شاہراہوں اور سڑکوں پر جاری دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ رہبر کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمیٹی کے سربراہ اکرم خان درانی نے کہا کہ رہبر کمیٹی نے شاہراہیں اور سڑکیں بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے لہٰذا مظاہرین شاہراہیں اور سڑکیں فوری طور پر کھول دیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بیرون ملک جانے سے حکومت بوکھلا گئی ہے۔اکرم درانی کا کہنا تھا کہ رہبر کمیٹی نے اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے اور مولانا فضل الرحمن اس حوالے سے قائدین سے رابطے کرکے تاریخ کا تعین کریں گے، حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے ضلعی سطح پر جلسے کیے جائیں گے اور اپوزیشن کی رہبر کمیٹی مشترکہ جلسے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان قوم پر ترس کھائیں اور گھر چلے جائیں۔اس موقع پر ن لیگ کے رہنما اور رہبر کمیٹی کے رکن احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کو رخصت کرنے میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں کرنی جبکہ ہم منتخب جمہوری قیادت کو آگے آنے کا موقع دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور تمام اپوزیشن جماعتیں ضلعی سطح پر جلسے کریں گی۔پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے کہا کہ رہبر کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرتے ہیں جبکہ چودھری برادران سے رابطوں پر ہمیں اعتماد میں لیا گیا ہے۔عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار کا کہنا تھا کہ بلاول زرداری سے متعلق وزیر اعظم کی زبان کی مذمت کرتے ہیں، وزیر اعظم اور ان کے وزرا لب و لہجہ درست کریں اور اگر نقلیں اتارنے کی بات ہے تو ان کی بہت نقلیں بنتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے