سید مراد علی شاہ نے سندھ سیکریٹریٹ پر اچانک چھاپہ مارا، غیر حاضر 11 محکموں کے سیکریٹریز اور افسران کو اظہار وجوہ کے نوٹس دینے کی ہدایت
چیف سیکریٹری ممتاز علی شاہ کو طلب کرلیا، تسلی بخش جواب نہ ملنے پر مزید کارروائی کی جائے گی، وزیر اعلیٰ سندھ
کراچی (نیوز ڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا سیکریٹری پر چھاپہ، 11 محکموں کے سیکریٹریز اور درجنوں دیگر افسران کے دفاتر سے غائب ہونے پر برہم ہوگئے اور چیف سیکریٹری کو غیر حاضر سیکریٹریز کو اظہار وجوہ کے لیٹر جاری کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ افسران کی طرف سے اظہار وجوہ نوٹس کا تسلی بخش جواب نہ ملنے پر مزید کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح 10 بجے وزیر اعلیٰ نے اچانک سندھ سیکریٹری کا دورہ کیا۔ دفاتر سے 11 سیکریٹریز اور درجنوں افسران غیر حاضر ہونے پر انہوں نے چیف سیکریٹری ممتاز علی شاہ کو طلب کرلیا۔ بڑی تعداد میں سیکریٹریز اور افسران کی غیر حاضری پر وزیر اعلیٰ نے برہمی کا اظہار کیا اور چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ غیر حاضر سیکریٹریز اور افسران کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ افسران کی غیر حاضری سے نہ صرف دفتری امور متاثر ہوتے ہیں بلکہ عوام پریشان اور حکومت بدنام ہوتی ہے، انھوں نے کہا کہ غیر ذمہ دار افسران کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ جب محکمے کا سربراہ خود غیر حاضر ہوگا تو ماتحت عملہ وقت پر کیسے آسکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ ہائوس کے لیٹر چیف سیکریٹری کو غیر حاضر سیکریٹریز کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے اور انہیں کہا گیا ہے کہ اظہار وجوہ کا تسلی بخش جواب نہ دینے والے سیکریٹریز کیخلاف مزید کارروائی کی جائے۔

