
ایمسٹرڈیم (انٹرنیشنل ڈیسک) ہالینڈ میں اشیا کو ٹھنڈا رکھنے والے ایک کنٹینر میں چھپے 25 مہاجرین کو پکڑ لیا گیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق روٹرڈیم پولیس نے بتایا کہ یہ مہاجرین ڈنمارک کے ایک جہاز کے کنٹینر میں چھپے ہوئے تھے۔ یہ کنٹینر ڈنمارک سے برطانیہ جارہا تھا۔ یہ پناہ گزین کنٹینر میں چھپ کر سفر کر رہے تھے، تاکہ غیر قانونی طور پر برطانیہ جاسکیں۔ پولیس جہاز کو روٹرڈیم بندرگاہ لے گئی اور اچھے مستقبل کا خواب آنکھوں میں سجائے سرد کنٹینر میں چھپ کر سفر کرنے والے پناہ گزینوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ اس کنٹینر کو لے جانے والے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے، لیکن یہ ابھی واضح نہیں ہے کہ آیا اسے ان مہاجرین کا علم تھا۔ پولیس کی جانب سے فی الحال پکڑے جانے والے تارکین وطن کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی گئی۔ واضح رہے کہ ماضی میں بھی تارکین وطن کو کنٹینروں کے ذریعے یورپ اسمگل کرنے کے ایسے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں۔ گزشتہ ماہ برطانیہ میں ایک ٹرک سے 39 مردہ پناہ گزین برآمد ہوئے تھے۔ جب کہ3 نومبر کو فرانس میں ایک ٹرک سے 30 پاکستانی پناہ گزین اور 5 نومبر کو یونان میں ایک ریفریجریٹر ٹرک سے 39 افغان تارکین وطن برآمد ہوئے تھے۔
