
نیروبی ؍ خرطوم ؍ دودوما (انٹرنیشنل ڈیسک) افریقی ممالک کینیا، سوڈان اور تنزانیہ میں شدید بارش، سیلاب، مٹی کے تودے گرنے اور دریا میں طغیانی آنے سے 109 افراد ہلاک اور کئی لاپتا ہو گئے۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق کینیا میں 2 مختلف مقامات پر تودے گرنے سے 29 افراد ہلاک ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تپاچ اور پرووا نامی علاقوں میں مٹی کا تودا گرنے سے 12 افراد مارے گئے جبکہ تمکال میں 17 افراد قدرتی آفت کا شکار ہوئے۔ شدید اور مسلسل بارش کے نتیجے میں آنے والے سیلاب میں کئی مقامات پر سڑکیں اور پل بہہ گئے، جس کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں دشواری پیش آ رہی ہے۔ واضح رہے کہ مشرقی افریقا میں رواں برس معمول سے کہیں زیادہ بارش کے سبب کم از کم 10 لاکھ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ صومالیہ، جنوبی سوڈان اور کینیا میں آیندہ 4 سے 6 ہفتوں تک بارشیں جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ دوسری جانب سوڈان میں شدید بارش کے بعد سیلاب نے تباہی مچادی ہے، جس کے نتیجے میں 70 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔ مسلسل بارش نے نظام زندگی مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ حکام کے مطابق صوبے بوما میں ڈیم ٹوٹنے سے پانی قریبی آبادیوں میں داخل ہو چکا ہے۔ اُدھر تنزانیہ میں دریا میں طغیانی آنے سے 10 افراد بہہ گئے۔ حکام نے ہلاکتوں کا قوی امکان ظاہر کیا ہے۔
