اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کا معاملہ عوام کے سامنے لانے کا اعلان کردیا۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کی تمام تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کراچکے ہیں‘ ہماری قانونی ٹیم پریس کانفرنس کرے گی‘ تحریک انصاف کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے ‘ توہین قرآن کا معاملہ او آئی سی اور یورپی پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے‘ سی پیک ملکی ترقی کا ضامن ہے‘ امریکی خدشات سے متفق نہیں ‘ اسلامو فوبیا سے جڑا اعلامیہ عالمی امن کے لیے خطرہ ہے ۔کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اور اپنے ٹوئٹ میںانہوں نے کہا کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد پاس کی گئی ہے‘ یہ قرار داد او آئی سی اور یورپی پارلیمنٹ میں پہنچائی جائے گی تاکہ مسلمانوں کے جذبا ت سے کھیلنے کے اس عمل کی حوصلہ شکنی ہوسکے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کور کمیٹی نے مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے کے لیے تجاویز پیش کی ہیں ‘ حکومت نے بجٹ خسارہ، کرنٹ اکائونٹ خسارہ اور سرکلر ڈیٹ جیسے مسائل پر قابو پایاہے۔ انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف ہر قسم کا سوال الیکشن کمیشن میں جمع کروا چکی ہے‘ اب میڈیا میں فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جس کی مذمت کرتے ہیں‘ اس حوالے سے تحریک انصاف کا قانونی موقف حکومت کی قانونی ٹیم الیکشن کمیشن کے سامنے واضح کرے گی‘ کمیٹی نے فیصلہ کیاہے کہ تحریک انصاف کو قانونی عمل سے گزارنے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن دوسری سیاسی جماعتوں کے خلاف دی جانے والی درخواستوں کو بھی ہمارے ساتھ سنا جائے اور الیکشن کمیشن تمام جماعتوں سے قانونی عمل مکمل کرے ‘ کسی ایک جماعت کو میڈیا میں ٹارگٹ کرنے کے عمل کی حوصلہ شکنی کی جائے‘ اس حوالے سے ہماری قانونی ٹیم پریس کانفرنس کرے گی او رعوام کو بتائے گی کہ کس طرح تحریک انصاف کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہے جس کا ڈیڑھ سال میں اپوزیشن کوئی اسکینڈل سامنے نہیں لاسکی اور وزیر اعظم کی ذات پر کوئی کیچڑ نہیں اچھال سکی۔ انہوںنے کہاہے کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے اور منصوبے کے حوالے سے امریکی خدشات سے اتفاق نہیں کرتے‘ چین ہمارا قریبی دوست ہے اور اس نے آزمائش کی ہر گھڑی میں ہمیشہ ڈٹ کر ساتھ دیا ہے۔
